عراق : امریکہ کے زیراستعمال ائر بیس پر حملہ ، سیاسی اصلاحات کیلئے مظاہرے جاری

بغداد (اے پی پی+انٹرنیشنل ڈیسک) عراق کے صوبے صلاح الدین کے ایئر بیس پر میزائلوں سے حملہ کیا گیا۔ دو روسی ساختہ میزائل ایئر بیس میں گرے ،جانی نقصان نہیں ہوا۔ بغداد سے64کلومیٹر کے فاصلے پر واقع بلد ایئر بیس امریکی فوج کے زیر استعمال ہے،ایئر بیس پر ایف 16طیاروں سمیت امریکی فوجی سازو سامان موجود ہے۔ادھر عراقی پارلیمنٹ نے حکومت مخالف مظاہرین کے سیاسی عمل میں جامع اصلاحات کے مطالبہ اور تنازعات کے خاتمہ کیلئے آزاد الیکٹورل کمیشن کے قیام کی منظوری دیدی۔ اقدام دارالحکومت بغداد اور عراق کے جنوبی اور مرکزی شہروں میں اکتوبر سے جاری حکومت مخالف مظاہروں میں کرپشن کے احتساب، عوامی سہولیات اور ملازمتوں میں بہتری، جامع اصلاحات کے مطالبہ کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔ اس سلسلے میں عراقی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد ال حلبوسی نے پارلیمنٹ سیشن کے بعد میڈیا کو بتایا کہ 9کمشنرز کی سربراہی میں آزاد الیکٹورل کمشن تشکیل دیا جائے گا جن میں سے 7کمشنرز ججز ہوں گے جبکہ 2 کمشنرز کا اتنخاب مشاورتی کونسل کرے گی۔ عراقی سپیکر نے بتایا کہ قانون ساز موجودہ کمشنرز کونسل کی تحلیل کے حق میں ہیں لیکن پارلیمنٹ کی نئے انتخابی قانون کے لیے ووٹ پر بحث و مباحثہ جاری ہے جس کے بعد آئندہ ہفتے اس پر ووٹنگ ہو گی۔

ای پیپر دی نیشن