اعلی تعلیم کی کوالٹی ،تحقیق سے معاشرے کو مستفید ہونا چاہیے ،ڈاکٹرعشرت حسین

Dec 07, 2019

اسلام آباد(نا مہ نگار)وزیراعظم کے اسپیشل ایڈوائزر برائے ادارہ جاتی اصلاحات اور کفایت شعاری ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا کہ اعلی تعلیم کی کوالٹی اور تحقیق سے معاشرے کو مستفید ہونا چاہیے ۔ ڈاکٹر عشرت حسین کوالٹی ایشورنس سسٹم، معیار اور پالیسی سازی : مسائل اور چیلنجز کے عنوان سے ہایئر ایجوکیشن کمیشن اور یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ان پاکستان (USEFP)کے اشتراک سے منعقدہ دو روزہ کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ انھوںنے ہایئر ایجوکیشن کمیشن کی اعلی تعلیم کی کوالٹی کے حوالے سے بین الاقوامی بحث و مباحثہ کا آغاز کرنے کی کوشش کو سراہا۔ انھوں نے کہا کہ اب خیالات کو عملی جامہ پہنانے کی ضرورت ہے اور محققین کی ملکی سطح پر درپیش مسائل کا حل تلاش کرنے کے لیے حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ بہترین سائنسدان، بالخصوص نوبل انعام جیتنے والے سائنس دانوں کو ان کی سوسائٹی کے لیے خدمات کے اعتراف میں ہی انعامات سے نوازا جاتا ہے کیونکہ انھوں نے اپنے علم کو عام عوام کے فائدے کے لیے بروئے کار لایا ہوتا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ہایئر ایجوکیشن کمیشن اور دیگر اداروںکے کوالٹی ایشورنس پراسسزسے اعلی تعلیم کی مطابقت اور کوالٹی میں مزید بہتری آنی چاہیے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ ایک طرف تحقیق علم کی نئی راہیں کھولے اور دوسری جانب اس سے معاشرے کو فائدہ پہنچے ۔ ڈاکٹر عشرت حسین نے زوردیا کہ کانفرنس میں بیان کردہ خیالات کو عملی جامہ پہنانے اور لاگو کرنا چاہیے ۔ انھوں نے کہا کہ کانفرنس میں بیان کردہ خیالات سے کوالٹی ایشورنس سسٹم کی کوتاہیوں، چربہ سازی ، تحقیق کے نتائج کی غلط بیانی اور جرنلز کی بری کوالٹی جیسے مسائل پر قابوپانے میں مدد ملے گی ۔ انھوں نے کہا کہ طلباء کو قابل اساتذہ درکار ہیں جو ان کے ساتھ رابطے میں رہیں، ان کے سوالات کے جوابات دیں اور ان کے ساتھ ڈائیلاگ کر سکیں ۔ چیئرمین ہایئر ایجوکیشن کمیشن، طارق بنوری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جامعات کی ریگولیٹری پالیسی میں بہتری کے لیے ، جامعات کی کامیابی کے لیے ہایئر ایجوکیشن کمیشن کی فنڈنگ کو یقینی بنانے، تعلیم و تحقیق کی کوالٹی اور مطابقت میں بہتری کے لیے اور ابھرتی ہوئی ضروریات کے لیے ہایئر ایجوکیشن کمیشن کی استعداد کار میں بہتری کے لیے کی جانے والی کوششوں کے حوالے سے اس کانفرنس کے اسباق اور تجاویز کو مرتب کیا جائے گا ۔

مزیدخبریں