فیصل آباد (آن لائن) کمسن بچی پر تشدد کا ملزم رانا منیر ضمانت پر رہا کردیا گیا۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا وکیل پیش ہوا نہ ہی مدعی نے عدالت آنے کی زحمت کی۔ تھانہ مدینہ ٹائون کے علاقہ ایڈن ویلی کی سوسائٹی کے صدر رانا منیر نے گزشتہ روز ہمسایہ کی گھریلو ملازمہ گیارہ سالہ صدف پر تشدد کیا تھا۔ جس کی ویڈیو وائرل ہونے پر وزیراعلی پنجاب نے نوٹس لیا اور پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے رانا منیر اور اس کی اہلیہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے رانا منیرکو گرفتار کر لیا۔ جسے گذشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ مقدمہ کی مدعی چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی آفیسر ثمینہ نادر پیش ہوئی نہ ہی چائلڈ پروٹیکشن بیورو فیصل آباد کا وکیل پیش ہو سکا۔ جس پر فاضل عدالت نے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض رانا منیر کی ضمانت منظور کرتے ہوئے اسے رہا کرنے کا حکم دیدیا۔ پنجاب اسمبلی میں ہیومن رائٹس کمیٹی کے چیئرمین خلیل طاہر سندھو نے مدینہ ٹائون کے علاقہ میں کم عمر ملازمہ بچی کو سڑک پرگھسیٹنے اور پٹخ کر تشددکا نشانہ بنانے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے دونوں فریقین اور پولیس کے تفتیشی افسر کو 17دسمبرکو طلب کر لیا ہے۔
فیصل آباد: بچی پر تشدد کے ملزم کی ضمانت منظور، عدالت نے رہائی کا حکم دیدیا
Dec 07, 2020