پتوکی، قصور، جمبر (نامہ نگاران+نمائندہ نوائے وقت) پھولنگر پتوکی میں5 بچوں کو نہر میں پھینکنے والا ظالم باپ ابراہیم ریکارڈ یافتہ کریمنل نکلا۔ ابراہیم کے خلاف قصور کے مختلف تھانوں میں ڈکیتی اور ناجائز اسلحہ کے 3 مقدمات بھی درج ہیں۔ ڈی ایس پی سرکل پتوکی اکرام خاں نے بتایا ابراہیم کے کریمنل ریکارڈ کی تفصیلات حاصل کر لی گئی ہیں۔ تفتیش جاری ہے۔ علاوہ ازیں نہر میں پھینکے جانے والے پانچ میں سے دو بچوں کو نماز جنازہ کے بعد آبائی گاؤں ٹھٹھی میں سپرد خاک کر دیا گیا اور ملزم باپ کے خلاف بچوں کی ماں رضیہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ جبکہ باقی تین بچوں کی نعشیں تاحال نہ مل سکیں جن کی تلاش جاری ہے۔ واضح رہے دو روز قبل الہ آباد کے رہائشی ابراہیم نے تنگدستی، روٹھی بیوی کے نہ ماننے پر مایوس ہوکر اپنے پانچ بچوں دس سالہ نادیہ، آٹھ سالہ زین، چھ سالہ نتاشہ، پانچ سالہ نسیم اور دوسالہ احمد کو جمبر نہر میں پھینک کر فرار ہوگیا تھا۔ دو بچوں چھ سالہ نتاشہ اور دو سالہ احمد کی لاشیں برآمد کر لیں گئیں جبکہ باقی تین بچوں کی تلاش جاری ہے۔