اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کرونا کے حوالے سے حالیہ اعداد و شمار تشویش ناک ہیں۔ سیاسی اجتماعات کرونا پھیلانے کا سبب بن رہے ہیں۔ پی ڈی ایم کے پشاور اور ملتان جلسوں کے بعد ان شہروں میں کرونا کیسز اور شرح اموات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ان اجتماعات کا انعقاد قانون اور ایس او پیز کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے۔ اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن رہنما خود تو گھر کے پرآسائش ماحول میں قرنطینہ ہیں جبکہ کارکنان اورعوام کو ذاتی، سیاسی مفاد کے تحفظ کیلئے ایندھن کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ اپوزیشن آخر کب تک معصوم عوام کی جانوں سے یوں ہی کھیلتی رہے گی؟۔ کرونا سے اپنوں کو کھونے والے باشعور عوام انھیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔ شبلی فراز نے کہا کہ مریم صفدر کی آج لاہور میں کی گئی بے ربط تقریر ان کی ذہنی زبوں حالی اور کم مائیگی کی غمازی کرتی ہے۔ اتوار کو مریم نواز کی تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اس خاندان کی دوسری نسل کی ترجمانی کرتی ہیں جنہوں نے ہمیشہ اس ملک کا استحصال کیا اور اس کوبری طرح لوٹ، ان کا ایمان صرف پیسہ ہے اور انہوں نے ہمیشہ پیسے ہی کو عزت دی جس سے ذلت اور رسوائی ہمیشہ ان کا مقدر رہی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام پر یہ واضح ہوگیا ہے کہ یہ ان کی ذاتی لڑائی ہے جس کے لیے وہ غریب عوام کو بیوقوف بنا رہے ہیں لیکن ان کے بیانیہ کی اب سیاست میں کوئی جگہ نہیں رہی، ان کے اپنے ہی کنونشن میں گو نواز گو کے نعرے لگے اور گلگت بلتستان کے الیکشن میں بھی ان کی پارٹی کی رسوائی ہوئی۔ اگر اس خاندان میں ذرا بھی عزت نفس ہوتی تو وہ سیاست چھوڑ چکا ہوتا۔ شبلی فراز نے کہا کہ عوام کو آج کوئی شک نہیں رہ گیا کہ مریم صفدر فرسٹریشن اور ڈپریشن کی اس انتہا کو پہنچ چکی ہیں جہاں انہیں کچھ سجائی نہیں دے رہا۔ انہوں نے کہا کہ جس تیزی سے کرونا پھیل رہا ہے اس سے ہسپتالوں میں بہت دباؤ آگیا ہے اور ہمیں تمام شعبہ جات اور مکتب فکر سے مسلسل دباؤ ہے کہ حکومت کو غریب عوام کی جانیں بچانے کے لئے اس قسم کے عاقبت نااندیش سیاست دانوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔
سیاسی اجتماعات کرونا پھیلانے کا باعث ، مریم کی بے ربط تقریر انکی ذہنی حالت کی غماز: شبلی فراز
Dec 07, 2020