شبیر شریف کا یوم شہادت، آرمی چیف کی جانب سے قبر پر پھول

Dec 07, 2020

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) دفاع وطن کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شبیر شریف شہید (نشان حیدر) کی عظیم قربانی کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے  لاہور میں شہید کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی طرف سے میجر جنرل رضا ایزد نے پھولوں کی چادر چڑھائی۔ شہید کے اقرباء بھی تقریب میں شریک تھے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے ٹویٹ میں 1965ء اور 1971ء  جنگوں میں شہید کی فرض سے لگن اور  جرا ت و بہادری کو خراج  تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ  وہ بہادری، فرض شناسی اور حب الوطنی کی علامت تھے۔ محاذ جنگ پر دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے میجر شبیر شریف 6 دسمبر 1971ء کو جام شہادت نوش کر گئے۔ قوم کو وطن پر قربان ہونے والے اس بہادر بیٹے پر ناز ہے۔ انہیں لاہور کے میانی صاحب قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ شہید میجر شبیر شریف سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کے بڑے بھائی تھے۔

مزیدخبریں