وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جیلانی پارک میں گل دائودی کی نمائش کا افتتاح کر دیا، گل دائودی کی نمائش دیکھی، پی ایچ اے کی تعریف

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جیلانی پارک میں گل دائودی کی نمائش کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گل دائودی کی نمائش دیکھی اور نمائش میں رکھے گئے پھولوں کی مختلف اقسام میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔وزیراعلی عثمان بزدار نے نمائش کے انعقاد پر پی ایچ اے کی کاوش کو سراہا۔ نمائش کا اہتمام پارکس اینڈہارٹیکلچر اتھارٹی نے کیا ہے۔  پی ایچ اے کے حکام نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو شہر کی خوبصورتی کیلئے ہارٹیکلچر کو فروغ دینے کے حوالے سے بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر ہائوسنگ میاں محمودالرشید، مشیر محمد آصف، چیئرمین پی ایچ اے سید یاسر گیلانی، ڈی جی پی ایچ اے اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جیلانی پارک میں گل دائودی کی نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ایس او پیز کے تحت محدود اجتماعات کی اجازت ہے۔غیر قانونی اجتماعات کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ایس او پیز کے تحت گل دائودی کی نمائش کی اجازت دی ہے اور نمائش دیکھنے والے لوگوں کو ایس او پیز کے تحت پارک میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں کورونا کی دوسری لہر کے باعث کوئی اجتماعات نہیں ہو رہے۔دنیا کورونا سے بچنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے جبکہ ہمارے یہاں اجتماعات کئے جا رہے ہیں۔بدقسمتی سے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باوجود سیاسی اجتماعات کئے جا رہے ہیں۔ایسی سرگرمیوں سے گریز کرنا چاہیئے جس سے کورونا پھیلے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن کو عوام کی زندگیوں سے نہیں کھیلنا چاہیئے۔ غیر قانونی اجتماع کی اجازت دینا غیر قانونی اقدام ہوگا اور حکومت غیر قانونی سرگرمیوں کی کسی صورت اجازت نہیں دے گی۔ عوام کی زندگیاں سب سے زیادہ عزیز ہیں۔سیاسی اجتماع کرکے آپ کیا پیغام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو نصیحت ہے کہ وہ اجتماعات سے اجتناب کرے۔غیر قانونی سرگرمیو ں پر قانون کے مطابق ایکشن ہوگا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نمائش کے انعقاد کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایچ اے نے گل دائودی کی بہترین نمائش کا اہتمام کیا ہے اور اس نمائش کے شاندار انعقاد پر پی ایچ اے کو شاباش دیتا ہوں۔ شہر کو مزید خوبصورت بنائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن