اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) بھارتیہ جنتا پارٹی اور راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے کارندوں کی جانب سے بابری مسجد کو شہید کرنے کے المناک واقعے کو 29 سال مکمل ہونے کے موقعے پر پاکستان نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور دوسری عالمی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ مسلمانوں کی عبادت گاہوں کو ہندوتوا انتہاپسندی سے محفوظ رکھنے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار نے کہا عالمی اداروں کو بھارت کے اندر تمام اقلیتوں اور ان کے مقدس مقامات کا موثر طور پر تحفظ یقینی بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں انتیس برس قبل بھارت میں مسلمانوں اور ان کے ورثے کیخلاف ریاستی سرپرستی میں نفرت کی یاد دلاتا ہے۔