کامونکی ( نمائندہ خصوصی) گیپکوکامونکی سرکل آفس میں بعض اہلکاروں اور افسروں کی کمائی کیلئے ملی بھگت سے سائل پریشان حال گھومتے پھرتے نظر آتے ہیں اور کوئی ان کے مسائل حل کرنے والا نہیں ۔ نئے کنیکشن کے لئے لوگ خوار ہو رہے ہیں اور عملہ آئے روز ان کو ٹرخانے کی پالیسی پر گامزن ہے ۔ کبھی کہا جاتا ہے کہ ابھی میٹر دستیاب نہیں کبھی کہا جاتا ہے کہ وائر کی شارٹیج ہے لیکن اس کے برعکس رشوت دینے والوں کے کام مبینہ طور پر کسی نہ کسی طریقے سے کر دئیے جاتے ہیں ۔ گیپکو دفتر میں موجود شہریوںاکرام الحق انصاری ، نجیب اللہ اور شہزاد حسین نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ نئے کنکشن کیلئے کئی ماہ سے چکر لگا رہے ہیں مگر ابھی تک کوئی سنوائی نہیں ہو رہی ۔ شہریوں نے یہ بھی بتایا کہ ہم مہنگائی سے پہلے ہی پریشان ہیں ۔ کاروبار نہ ہونے کے برابر ہیں ۔ پہلے ہی شدید پریشانیوں کا دبائو ہے ۔ اب ہم رشوت دینے کے لئے پیسے کہاں سے لائیں ۔ شہریوں نے گیپکو کے چیف سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لئے فی الفور اقدامات کئے جائیں اور کرپٹ اہلکاروں کا محاسبہ کر کے ان سے عوام کو نجات دلائی جائے ۔
کامونکی : گیپکواہلکاروں اور افسروں کی ملی بھگت،شہری نئے بجلی کنکشن کیلئے خوار
Dec 07, 2021