شکار پور،دیرنیہ پر2افراد قتل،جھاڑیوں سے نوجوان خاتون کی نعش بر آمد


شکارپور (نامہ نگار) شکارپور کے مختلف علاقوں میں دیرینہ دشمنی پر2 افراد قتل کردیئے گئے‘ جبکہ جھاڑیوں سے نوجوان خاتون کی نعش ملی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گڑھی یاسین کے قریب تھانہ کرن کی حدود میں گھات لگائے نامعلوم مسلح افراد نے موٹرسائیکل پر فائرنگ شروع کردی. فائرنگ کے نتیجے میں گولیاں لگنے کے باعث نوجوان عبدالحئی جعفری موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا‘ حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے جائے واردات سے فرار ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق مقتول عدالت سے سماعت کے بعد واپس آرہا تھا کہ راستے میں یہ واقعہ پیش آیا‘ جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ جعفری برادری کے درمیان جاری دشمنی کی بنیاد پر ہوا ہے. واقعے کے بعد مقتول کے ورثاء نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے لاش کو قومی شاہراہ پر رکھ کر دھرنا دیا گیا جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب تھانہ اسٹورٹ گنج کی حدود جمع خان مڈی کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے موٹرسائیکل پر فائرنگ شروع کردی. فائرنگ کے نتیجے میں گولیاں لگنے کے باعث موٹرسائیکل سوار 28سالہ نوجوان بابر علی ولد میر حسن مشوانی پٹھان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔  لاش گھر پہنچنے پر گھر میں کہرام بپا ہوگیا. پولیس کے مطابق واقعہ دیرینہ تنازعہ کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے. مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں خانپور کے قریب جھاڑیوں میں سے نوجوان خاتون کی لاش پائی گئی ہے‘لوگوں نے نامعلوم عورت لاش دیکھ کر متعلقہ پولیس کو اطلاع دی. واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر خاتون کی لاش کو اپنی تحویل میں لیکر سول اسپتال شکارپور پہنچایا‘ اسپتال انظامیہ کے مطابق تاحال لاش کی شناخت نہیں ہوپائی ہے ۔

ای پیپر دی نیشن