پشاور (بیورو رپورٹ) سینٹ میں خیبرپی کے کی نشست پر انتخابات کے حوالے سے عوامی نیشنل پارٹی نے حکمران جماعت کے امیدوار شوکت ترین پر تحریری اعتراض جمع کرا دیا۔ رکن صوبائی اسمبلی شگفتہ ملک کی جانب سے جمع کرائے گئے شکایت میں کہا گیا ہے کہ مردان میں بلدیاتی انتخابات کے اعلان تک شوکت ترین کا ووٹ وہاں درج نہیں تھا۔ الیکشن ایکٹ 2017 سیکشن 39 اور 40کے مطابق شیڈول اعلان ہونے کے بعد کوئی ووٹ درج یا منتقل نہیں ہوسکتا۔ 25اکتوبر کو مردان میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا گیا، اس وقت تک شوکت ترین کا ووٹ خیبر پختونخوا میں رجسٹرڈ نہیں تھا۔ مردان میں جہاں ووٹ درج ہوا ہے وہاں پر کوئی گھر موجود ہی نہیں۔ نادرا کے ساتھ غلط بیانی کی گئی ہے، آرٹیکل 63 کے تحت بھی صادق و امین نہیں رہے۔ تحریری درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ شیڈول کے اعلان کے بعد ووٹ کے اندراج اور غلط بیانی پر شوکت ترین کو نااہل کیا جائے۔