اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ سیالکوٹ کے مجرموں کو فی الفور سزائیں دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر سری لنکن شہری پریانتھا دیاودھنہ کے خاندان کو فوری انصاف نہ ملا تو عالمی سطح پر یہ ملک کی بدنامی کی وجہ بنے گا۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج یورپی یونین سمیت پوری دنیا ہم سے نفرت پھیلانے والوں کے خلاف اقدامات سے متعلق سوال کررہی ہے، سانحہ سیالکوٹ سے مثبت ملکی تاثر داؤ پر لگ چکا ہے، نمائشی کے بجائے حکومت کو ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ماہ شہید ہونے والے پنجاب پولیس کے اہل کاروں کے قاتلوں کی رہائی جیسے حکومتی اقدامات انتہاپسندوں کے حوصلے بڑھاتے ہیں، ملک میں نفرت انگیزی کے خاتمے کے لئے عوام کو انتہاپسندی کی جانب بہکانے والی سوچ کو نشانہ بنانا ہوگا، بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ اگر نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر عمل ہوجاتا تو سانحہ سیالکوٹ جیسے قابل مذمت واقعات رونما نہ ہوتے۔ جبکہ انتہاپسندی کے جڑ سے خاتمے کے لئے ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو مشترکہ سوچ اپنانا ہوگی۔
سانحہ سیالکوٹ مثبت، ملکی تا ثر دائو پر لگ چکا، مجرموں کو فی الفور سزا دی جائے: بلاول
Dec 07, 2021