اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاک فوج کا ہیلی کاپٹر سیاچن میں گرنے سے 2 میجر شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک فوج کا ہیلی کاپٹر سیاچن میں گرکر تباہ ہوگیا۔ ہیلی کاپٹر حادثے میں دونوں پائلٹ شہید ہوگئے۔ شہدا میں میجر عرفان برچا اور میجر راجا ذیشان جہانزیب شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سرچ اور ریسکیو ہیلی کاپٹرز اور فوج کے دستے جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سیاچن میں پاکستان آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر گرنے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور شہید میجر عرفان برچا اور شہید میجر راجہ ذیشان جہانزیب کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالی شہید میجر عرفان برچا اور شہید میجر راجہ ذیشان جہانزیب کی قربانی قبول فرمائے۔ ہماری تمام دعائیں اور ہمدردیاں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ سیاچن ہیلی کاپٹر حادثے میں پاک فوج کے دو پائلٹس کی شہادت پر دل انتہائی غمزدہ ہے، وطن کے بہادر بیٹوں کو قوم کا سلام۔
سیاچن ، پاک آرمی کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 2میجر شہید
Dec 07, 2021