اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ ماضی میں کھیلوں سمیت تمام شعبوں میں کرپشن اور اقربا پروری کو فروغ دیاگیا، پاکستان میں کھیلوں کا مستقبل روشن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور کے ضمنی انتخابات میں چار لاکھ 40 ہزار 400 ووٹرز کا حلقہ ہے جہاں 87 ہزار کے لاگ بھگ ووٹ ڈالے گئے ہیں جو کہ مجموعی ووٹوں کا 18 فیصد بنتا ہے۔ 82 فیصد عوام نے انتخابات میں حصہ نہیں لیا۔ مقابلہ صرف ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں ہو تو عوام گھروں سے باہر نہیں نکلتی۔ اپوزیشن نے اپنی بدبودار سیاست کا نتیجہ لاہور انتخابات میں دیکھ لیا۔ پیپلز پارٹی کے اسلم گل کو 32 ہزار 333 ووٹ ملے ہیں اگر وہ آزاد الیکشن لڑتے تو ان کو زیادہ ووٹ ملتے۔ اسلم گل زرداری اور ن لیگ کی کرپشن کا بوجھ اپنے کندھے پر اٹھاکر فتح حاصل نہیں کرسکتے۔ اس سے ثابت ہوا کہ لاہور کے عوام پیپلز پارٹی اور ن لیگ کو ایک جیسا سمجھتے ہیں۔ اس لئے ان کو تقریباً برابر ووٹ ملے۔ ن لیگ کاگڑھ، ان کے لئے گڑھا ثابت ہوا۔ پیپلز پارٹی کو صرف اندرون سندھ سے ووٹ ملتے ہیں۔ اب وہاں بھی ان کے لئے صورتحال خراب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کرپشن اور اقربا پروری عروج پر رہی جس کے باعث پاکستان سپورٹس بورڈ کا نظم و نسق تباہ ہوا۔ کھیلوں سمیت تمام شعبوں میں مافیاز ہیں۔