یوم پاکستان پر مارچ کی کال انتہائی غیر اخلاقی: شیخ رشید، مولانا کئی تاریخیں دے چکے: فواد چودھری

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے/ خبر نگار خصوصی) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پی ڈی ایم کی کال پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ یوم پاکستان پر پی ڈی ایم کا مارچ کی کال دینا ایک انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور غیر اخلاقی اقدام ہے۔23 مارچ کو افواج پاکستان قومی دن پر روایتی پریڈ کرتی ہیں جس میں پاکستانی عوام سمیت غیر ملکی سفیر اور مندوب بھی شرکت کرتے ہیں۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پریڈ کی تیاری کے حوالے سے دارالحکومت اسلام آباد کو سکیورٹی الرٹ پر رکھا جاتا ہے۔ تیاری کے لئے بعض راستے دو تین روز قبل بند بھی کردئیے جاتے ہیں۔ ایسے وقت پر مارچ کی کال ملک دوستی نہیں۔ مناسب ہوگا کہ اگر پی ڈی ایم مارچ کی کال اپریل میں لے جائے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ یوم پاکستان کو عوام کے نام پر احتجاج اور خلفشار کے دن کے طور پر اجاگر کرنا پی ڈی ایم کا ملک مخالف قوتوں کی خدمت کرنے کے مترادف ہے۔ دریں اثناء فضل الرحمان کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں  وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان بے وقت کا راگ الاپ رہے ہیں اور سننے والا کوئی نہیں، مارچ اور احتجاج کرنا اپوزیشن کا حق ہے لیکن مولانا فضل الرحمان کی کوشش ہے کہ موجودہ سسٹم ختم ہو اور ان کی جگہ دوبارہ بنے، مولانا حوصلہ رکھیں اور اپنے دائیں بائیں دیکھیں، ان کے ساتھ کوئی نہیں وہ اکیلے بیٹھے ہیں، 23 مارچ بھی آ جائے گا، مولانا فضل الرحمان پہلے بھی کئی مرتبہ تاریخیں اور حکمت عملی بدل چکے ہیں۔ یہ تاریخ بھی حتمی نہیں ہوگی۔  نواز شریف اور مریم نواز اس لئے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ نظر آتے ہیں کیونکہ وہ سسٹم کا حصہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ سسٹم میں ہیں وہ ایسی حکمت عملی کو سپورٹ نہیں کرتے ہیں، آج کے اجلاس میں بھی پارلیمان کے اندر موجود جماعتوں اور شخصیات کا نکتہ نظر پارلیمان سے باہر رہنے والوں سے مختلف تھا، مولانا فضل الرحمان کی باتیں ٹائیں ٹائیں فش ثابت ہوں گی۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...