ملتان (نمائندہ نوائے وقت) ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ ملتان میں ترقی کے سفر کو تیز کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کی انسپکشن کا آغاز کردیا گیا ہے تمام اراکین اسمبلی کے حلقوں کا مرحلہ وار دورہ کرکے رواں مالی سال کی سکیموں کا جائزہ لیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ قومی تعمیر نو کے محکموں کو ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے الٹی میٹم دے دیا ہے کسی صورت عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ سرخ فیتہ کی نذر ہونے نہیں دینگے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی محکموں کے ہمراہ ایم پی اے سلیم لابر کے حلقے کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم پی اے حلقہ 212 سلیم لابر نے اپنے حلقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مسائل بیان کئے۔ ڈپٹی کمشنرنے واسا اور روڈز کی سکیموں پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ اراکین اسمبلی کی سکیموں میں شفافیت اور معیار یقینی بنایا جارہا ہے۔