عالمی برادری بھارت میں مسلم عبادتگاہوں کو انتہا پسندی سے محفوظ رکھنے کیلئے دبائو ڈالے،ترجمان دفترخارجہ

اسلا م آبا د (خصوصی نا مہ نگار)بھارتیہ جنتا پارٹی اور راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے کارندوں کی جانب سے بابری مسجد کو شہید کرنے کے المناک واقعے کو 29 سال مکمل ہونے کے موقعے پر پاکستان نے عالمی برادری ، اقوام متحدہ اور دوسری عالمی تنظیموں پرزوردیا ہے کہ وہ مسلمانوں کی عبادتگاہوں کو ہندو توا انتہاپسندی سے محفوظ رکھنے کیلئے بھارت پردبائو ڈالے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔تر جما ن دفترخارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ عالمی اداروں کو بھارت کے اندر تمام اقلیتوں اوران کے مقدس مقامات کا موثر طورپر تحفظ یقینی بناناچاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں انتیس برس قبل بھارت میں مسلمانوں اور ان کے ورثے کیخلاف ریاستی سرپرستی میں نفرت کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بابری مسجد کو شہید کرنے کے دل گرفتہ مناظر ابھی تک ناصرف دنیا بھر کے مسلمانوں کے ذہنوں میں تازہ ہیں بلکہ عالمی برادری کے اجتماعی ضمیر کو بھی جھنجھوڑ رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ بھارت کے عدالت عظمی کے نومبر2019ء کے ناقص فیصلے اوراس کے بعد ان مجرموں خصوصاً بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنمائوں کی شرمناک رہائی جنہوں نے دن دہاڑے مسجد کو مسمار کرنے میں حصہ لیا تھا اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت میں ہندو اکثریت اور ہندوتوا انتہاپسندی کا غلبہ بڑھ رہا ہے۔ عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان نے بھارت پر زور دیا ہے کہ بابری مسجد کی جگہ پرمندر کی غیرقانونی تعمیر رکوانے کیلئے فوری اقدامات کرے، بابر ی مسجد کی اس کی اصل جگہ پر دوبارہ تعمیر کرے اور بھارت میں مساجد اور مسلمانوں کے مقدس مقامات کی حفاظت کو یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں تمام اقلیتوں خصوصا مسلمانوں کا تحفظ اور مذہبی آزادی یقینی بنانے کیلئے با مقصد اقدامات کئے جائیں۔

ای پیپر دی نیشن