ماضی میں کھیلوں میں کرپشن اور اقربا پروری کو فروغ دیاگیا:شہباز گل

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ ماضی میں کھیلوں سمیت تمام شعبوں میں کرپشن اور اقربا پروری کو فروغ دیاگیا، پاکستان میں کھیلوں کا مستقبل روشن ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو شروع کرنے پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار اور نوجوانوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور اس کے بعد کی صورتحال کے تناظر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز خوش آئند ہے۔ کھیلوں سے نہ صر ف نوجوانوں میں صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ ملتا ہے بلکہ قوم میں محنت اور جوش و جذبے کا ماحول پیداہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں سب کو مساوی مواقع ملتے ہیں۔ کھلاڑیوں کا تعلق چاہے کسی رنگ و نسل اور مذہب سے ہو ان کو کھیل کے میدان میں کارکردگی پر کامیابی ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے کھیلوں سمیت تمام شعبوں میں گند ڈالا ہو ا تھا جس کے باعث کھیلوں کی سرگرمیاں محدود تھیں۔ ہمیں ماضی کے گند کو صاف کرنے کے لئے 3 سال لگے ۔ اب معیشت سمیت تمام شعبے ترقی کی راہ پر گامز ن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو میں ملک بھر سے یونیورسٹیوں، کالجوں اور سکولوں سے نوجوان حصہ لے رہے ہیں ۔ یہ نوجوان صحتمندانہ سرگرمیوں سے ملک کے کھیل آباد کریں گے۔ انہوں نے لاہور انتخابات کے حوالے سے کہا کہ لاہور کے ضمنی انتخابات میں چار لاکھ 40 ہزار 400 ووٹرز کا حلقہ ہے جہاں 87 ہزار کے لاگ بھگ ووٹ ڈالے گئے ہیں جو کہ مجموعی ووٹوں کا 18 فیصد بنتا ہے۔ 82 فیصد عوام نے انتخابات میں حصہ نہیں لیا۔ مقابلہ صرف ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں ہوتو عوام گھروں سے باہر نہیں نکلتی۔ 

ای پیپر دی نیشن