اسٹاک ایکسچینج میں دوسری جی ای ایم بورڈ کمپنی کی لسٹنگ مکمل 

کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) نے اپنے گروتھ انٹرپرائز مارکیٹ (جی ای ایم) بورڈ، میں یونیورسل نیٹ ورک سسٹمز لمیٹڈ (یو این ایس )کی لسٹنگ کرتے ہوئے دوسر ی کمپنی  کی بھی لسٹنگ مکمل کرلی۔ ای کامرس لاجسٹک سیکٹر میں یہ پہلی کمپنی ہے جس کا پی ایس ایکس، جی ای ایم بورڈ میں اندراج عمل میں آیا ہے۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ جی ای ایم بورڈ ایک لسٹنگ پلیٹ فارم ہے جو ترقی پذیر انٹر پرائزز ، چاہے وہ چھوٹے، درمیانے یا گرین فیلڈ بزنس کی صورت میں ہوں ،انھیں سہولت کی فراہمی اور کاروباری سرمایہ بڑھانے کی ضروریات کے لیے بنایا گیا ہے ۔جی ای ایم بورڈ میں دوسری لسٹنگ کا افتتاح کرنے اور تجارتی دن کے آغاز کے لیے ایک گونگ تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔تقریب میں پی ایس ایکس کے ایم ڈی اور سی ای اوفرخ ایچ خان ،یو این ایس کے چیئرمین ، عارف الٰہی؛ یو این ایس کے سی ای او، عمران بکساموسیٰ؛ ٹاپ لائن سیکیورٹیز لمیٹڈ کے سی ای او، محمد سہیل؛ سی ای او عارف حبیب لمیٹڈ، شاہد علی حبیب؛ جبکہ پی ایس ایکس، یونیورسل نیٹ ورک سسٹمز لمیٹڈ، ٹاپ لائن سیکیورٹیز لمیٹڈ اور عارف حبیب لمیٹڈ سمیت شرکت کرنے والی تنظیموں کی اعلیٰ انتظامیہ نے بھی شرکت کی۔ٹاپ لائن سیکیورٹیز لمیٹڈ اورعارف حبیب لمیٹڈ اس اِیشو کے مشترکہ ایڈوائزرز تھے۔یونیورسل نیٹ ورک سسٹمز لمیٹڈ یا بلیو ایکس ایک ایسی کمپنی ہے جو بنیادی لاجسٹکس، ای کامرس لاجسٹکس، ویئر ہاؤسنگ اور متعلقہ ای کامرس اور لاجسٹکس آپریشنز میںخدمات سرانجام دیتی ہے۔ یو این ایس نے پی ایس ایکس، جی ای ایم بورڈ لسٹنگ کے ذریعے 445,705,000 روپے اکٹھے کرنے کا تخمینہ لگایا تھا۔ یہ اِیشو 6,857,000 عام شیئرز پر مشتمل تھا جس میں کمپنی کے پوسٹ -اِیشو کے پیڈ -اپ کیپٹل کا 25 فیصد شامل تھا۔ یہ پورا اِیشو65 روپے فی شیئر کی مقررہ قیمت پر پیش کیا گیا تھا۔ایشو کو 1.68x بار اوور سبسکرائب کیا گیا کیونکہ 6,857,000 عام شیئرز کے اِیشو سائز کے لیے کُل11,548,000عام شیئر ز کی درخواستیں موصول ہوئی تھیں ۔پی ایس ایکس کے جی ای ایم بورڈ میں یونیورسل نیٹ ورک سسٹمز لمیٹڈ کی کامیاب لسٹنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے، ایم ڈی پی ایس ایکس، فرخ خان کا کہنا تھا کہ ، ’’میں یونیورسل نیٹ ورک سسٹمز کو ایکسچینج کے جی ای ایم بورڈ میں درج ہونے والی دوسری کمپنی کے طور پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ لسٹنگ جی ای ایم بورڈ میں ہونے والی پہلی لسٹنگ کے محض 10 دن بعد ہوئی ہے اور ہمارے پاس مستقبل کی مزید لسٹنگ کے حوالے سے ایک مضبوط پائپ لائن موجود ہے۔‘‘ان کا مزید کہنا تھا کہ، ’’جی ای ایم بورڈ پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ میں ایک اہم جدّت ہے اور یہ انتہائی اہم اور متحرک ایس ایم ای سیکٹر کی فنانسنگ ضروریات کو کم لاگت اور آسانی کے ساتھ قرض اور ایکویٹی کیپٹل اکٹھا کرنے کے قابل بنا کرانھیں تعاون فراہم کرے گا۔ نیا بورڈ پاکستان میں ابتدائی مرحلے کی فنانسنگ کی مکمل ویلیو چین میں بھی مدد کرے گا، جس کا صحیح معنوں میں اب آغاز ہو رہا ہے۔ اس لیے اب، نہ صرف چھوٹی کمپنیاں ترقی کے لیے سرمائے میں اضافہ کر سکتی ہیں بلکہ ابتدائی سرمایہ کاروں کو بھی جی ای ایم بورڈ میں لسٹنگ کے ذریعے باہر نکلنے کا ایک قابلِ عمل موقع ملے گا۔‘‘انہوں نے کہا کہ ’’ہمیں انتہائی مسرت ہے کہ یونیورسل نیٹ ورک سسٹمز نے اپنی اِن ہائوس ٹیکنالوجی کو بڑھانے اور اپنے بنیادی ڈھانچے کو وسعت دینے کے سلسلے میں سرمایہ اکٹھا کرنے کے لیے جی ای ایم بورڈ سے استفادہ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے جی ای ایم بورڈ کے آغاز کے لیے ایس ای سی پی کی رہنمائی اور تعاون کے تحت انتھک محنت کی ہے۔ آج ہم اس محنت کے ثمرات دیکھ رہے ہیں اور جی ای ایم بورڈمیں دوسری کمپنی، یونیورسل نیٹ ورک سسٹمز لمیٹڈ، کی لسٹنگ عمل میں آچکی ہے۔‘‘پی ایس ایکس کے جی ای ایم بورڈ میں یونیورسل نیٹ ورک سسٹم لمیٹڈ کی کامیاب لسٹنگ پر بات کرتے ہوئے، کمپنی کے سی ای اوعمران بکساموسیٰ نے کہا کہ،’’یو این ایس ایل (بلیو ایکس) کے تمام اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے 15 سال سے زیادہ کی محنت، لگن اور اختراع کے سفر کا یہ عروج ہے۔میں ایس ای سی پی، پی ایس ایکس اورسی ڈی سی میں ہمارے شراکت داروں کا بہت شکریہ ادا کرنا چاہوں گا اوریہ ہمارے تمام اسپانسرز کے لیے ترقی اور اعتماد کی علامت ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ مستقبل روشن ہے اور آسمان ہماری منزل ہے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ لسٹنگ نئے خواہشمندامیدواروں کے لیے پی ایس ایکس میں شامل ہونے کی راہ ہموار کرے گی۔ اس موقع پر میںخاص طور پر ذکر تے ہوئے ٹاپ لائن سیکیورٹیز سی ایف ٹیم اور عارف حبیب انویسٹمنٹ بینکنگ ٹیم کا بھی کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنھوں نے پورے عمل میں ہماری رہنمائی کی ۔‘‘عارف حبیب لمیٹڈ کے سی ای او شاہد علی حبیب کا کہنا تھا کہ ، ’’آج ایک خاص موقع ہے، جیسا کہ یونیورسل نیٹ ورک سسٹمز لمیٹڈ پاکستان کے جی ای ایم بورڈ میں پہلی ای کامرس لاجسٹکس کمپنی کے طور پر درج کی جا رہی ہے۔ ہم سرمایہ کاروں کے ردعمل سے کافی متاثر ہوئے ہیں، جو اس بات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اِیشو کو 1.68 بار اوور سبسکرائب کیا گیا۔ یہ پاکستان کے ایس ایم ای سیکٹر پر ہماری مارکیٹ کے شرکاء کے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے، جو کسی بھی ملک میں اقتصادی ترقی کے حوالے سے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ ہم مستقبل میں جی ای ایم بورڈ میں اس طرح کی مزید لسٹنگ کے منتظر ہیں۔

ای پیپر دی نیشن