پی ڈی ایم کی یوم پاکستان پر احتجاج کی کال پر قوم تشویش میں مبتلا ہے :ہمایوں اخترخان

Dec 07, 2021 | 15:31

ویب ڈیسک

 پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ سکڑتی ہوئی پی ڈی ایم کو دوبارہ احتجاج کا اعلان کرنے سے پہلے ماضی قریب کی ناکامیوں سے سبق سیکھنا چاہیے تھا،قوم یوم پاکستان پر احتجاج کی کال پر تشویش میں مبتلاہے ،پی ڈی ایم احتجاج کے لئے تاریخ پرتاریخ دے کرہلکان ہو جائے گی لیکن اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکے گی،وزیر اعظم عمران خان نے غیر معمولی حالات میں کامیابیاں حاصل کر کے ثابت کیاہے کہ وہ وژن رکھنے والے قومی لیڈر ہیں اور انشا اللہ 2023ء کے عام انتخابات کے بعدبھی یہی تسلسل رہے گا ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں سب کے چہرے اترے ہوئے تھے ،میڈیا کے سوالات پر جواب دینے کی بجائے ان پر رعب جمانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپوزیشن کے بیانیے سے لا تعلقی کر چکے ہیں اس لئے ناکامی کو جتنی بار مرضی دہرا لیا جائے وہ کامیابی میں نہیں بدل سکتی، اگر پی ڈی ایم نے عوامی مفاد کے لئے تحریک شروع کرنا ہوتی تو اس کے لئے چھ ماہ بعد کی تاریخیں نہیں دی جاتیں ،یہ اب صرف عام انتخابات تک خود کو مصروف رکھنا چاہتے ہیں اور فیس سیونگ کی تلاش میں ہیں.

مزیدخبریں