چوتھی میری ٹائم سیکورٹی ورکشاپ کے موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا پیغام

Dec 07, 2021 | 17:35

ویب ڈیسک

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی  کا چوتھی میری ٹائم سیکورٹی ورکشاپ کے  موقع پر کہنا ہے کہ یہ انتہائی اطمینان کی بات ہے کہ پاکستان نیوی اپنے نمایاں ادارے، پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں چوتھی میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کا انعقاد 8 سے 16 دسمبر 2021 تک کر رہی ہے۔  چوتھی میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کا تسلسل سے جاری رہنا نہ صرف تسلی بخش ہے، بلکہ پالیسی سازوں، ایگزیکٹوز، ماہرین تعلیم، کاروباری اداروں اور میڈیا میں اسکی اہمیت اور دلچسپی کو اجاگر کرنا اس کی اصل کامیابی ہے۔ بحری مسائل کے حوالے سے آگہی، قومی سلامتی پر ان کے اثرات کو اجاگر کرنے اور ہماری بلیو اکانومی کے فروغ کے لئے میری ٹام سکیورٹی ورکشاپ ملک کے متنوع اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ایک باضابطہ رابطہ بن گیا ہے۔

  چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا کہنا ہے کہ چوتھی میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کی اہمیت اور بھی زیادہ بڑھ جاتی ہے کیونکہ اس کا انعقاد پاکستان نیوی اسٹاف کورس کی گولڈن جوبلی تقریبات کے ساتھ کیا جارہا ہے۔ پاکستان نیوی وار کالج پاک بحریہ کے افسران کی تربیت کا گہوارہ ہے۔ چوتھی میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ اور گولڈن جوبلی کی تقریبات کا انعقاد پاکستان نیوی وار کالج کے اہم کردار کا غماز ہے۔ اس کالج نے فخریہ انداز میں ہر دور میں افسران کی تربیت کی جنہوں نے آپریشنل اور اسٹاف کے فرائض کی انجام دہی میں بہتر سے بہتر کارگردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

  ان کا کہنا تھا کہ میرا پختہ یقین ہے کہ پاکستان کی تقدیر کا سمندر سے گہرا تعلق ہے۔ سمندر کے وسائل پر مبنی پائیدار ترقی کے لیے عالمی سطح پر سوچ اور نقطہءِ نظر کی تبدیلی کا عمل جاری ہے۔ بحری ریسرچ اینڈڈویلپمنٹ میں مناسب سرمایہ کاری، بلیواکانومی کی استعداد سے فائدہ اٹھانا اور سی پیک کے بحری حصے کی موثر آپریشنلائزیشن ملک کی معاشی خوشحالی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔

  چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا کہنا ہے کہ میں سمندری آگہی کو فروغ دینے اور پاکستان میں بلیو اکانومی کو نئے سرے سے متحرک کرنے کے لیے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے بھرپور تعاون کا منتظر ہوں۔ میں پاکستان نیوی وار کالج کو اس تقریب کے انعقاد پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔  میری دعا ہے کہ پاکستان، پاک بحریہ اور پاکستان نیوی وار کالج ترقی اور خوشحالی کی نئی منزلوں کی جانب گامزن رہیں۔(آمین)

مزیدخبریں