41 سال بعد پاکستان افغانستان پر او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کی میزبانی کررہا ہے.ترجمان دفتر خارجہ

Dec 07, 2021 | 21:29

ویب ڈیسک

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس 19دسمبر کو اسلام آباد میں ہوگا۔ اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اجلاس میں سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کوشرکت کی  دعوت دی ہے۔ یورپی یونین ، اقوام متحدہ اور اس کی امدادی ایجنسیوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ ورلڈ بینک اور عالمی مالیاتی اداروں کے اعلیٰ حکام کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ اجلاس میں جرمنی، جاپان، کینیڈا اورآسٹریلیا کو بھی شرکت کی دعوت دی جارہی ہے۔ اجلاس میں افغانستان کا اعلیٰ سطح وفد شرکت کرے گا۔ او آئی سی سیکرٹریٹ کے آفیشلز اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیں گے ۔ او آئی سی وزرائے خارجہ کا غیر معمولی اجلاس 1980 میں ہوا تھا ۔ 41 سال بعد پاکستان افغانستان پر او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کی میزبانی کررہا ہے۔ ترجمان کا کہناتھا کہ  افغانستان کی امداد نہ پہنچائی گئی تو معاشی بحران جنم لے سکتا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ ہمارا مقصد افغان عوام کو انسانی المیے سے بچانا ہے ۔ افغان عوام کو مالی معاونت کے علاوہ مثبت پیغام اور یکجہتی کی بھی ضرورت ہے۔ پرامن مستحکم اور خوشحال افغانستان پاکستان کیلئے انتہائی اہم ہے۔ افغانستان کوبحران سے نکالنے کی اولین ذمہ داری افغان حکام کی ہے۔ پڑوسی ہونے کے ناطے افغان  بھائیوں کی مدد کررہے ہیں۔

مزیدخبریں