حکومت سموگ خا تمے میں نا کام ، ہا ئیکورٹ : سکولوں کی 3روز چھٹی کا نو ٹیفکیشن آج طلب 

Dec 07, 2022


لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے سکولوں میں 3 روز کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن آج عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ سموگ پر قابو پانے کے لیے درخواست پر سماعت ہوئی ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ سموگ پر قابو پانے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے ہیں۔ عدالت کو بتایا گیا کہ نوٹیفکیشن تیار کر لیا گیا ہے۔ سکولوں میں ہفتے میں تین دن چھٹیاں ہوں گی۔ جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دئیے کہ پنجاب حکومت آج بدھ کو نوٹیفکیشن ہر صورت عدالت میں پیش کرے۔ ہائیکورٹ نے سموگ کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کیا تھا، نجی اور سرکاری سکولوں میں ہفتے میں 3 دن چھٹیوں کی ہدایت کی گئی تھی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سموگ کی صورتحال بہت خطرناک ہو چکی ہے۔ پنجاب حکومت سموگ کے خاتمے میں ناکام ہو چکی ہے۔ وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی سے رابطہ کیا جائے اور انہیں بتایا جائے سموگ خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے۔ سیکرٹری ماحولیات جرمانوں کے حوالے سے عمل درآمد رپورٹ دیں۔ دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں اب سڑکوں پر نظر نہ آئیں، ایسی گاڑیوں کو بھی ایک نوٹس کے بعد قبضے میں لے کر نیلام کرنے کا رول بنایا جائے۔ آئندہ سماعت تک رولز بنا کر پیش کریں۔

مزیدخبریں