مشترکہ منڈی، دفاع کیلئے اقدامات مسلم حکمرانوں کی ذمہ داری، سراج الحق، ترک سفیر کی ملاقات 

Dec 07, 2022


لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور ترکیہ کے سفیر مہمت پچاجی کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ ڈائریکٹر شعبہ امور خارجہ جماعت اسلامی آصف لقمان قاضی بھی امیر جماعت کے ہمراہ تھے۔  سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی امت کو متحد دیکھنا چاہتی ہے۔ پاکستان اور ترکیہ اسلامی دنیا کو قیادت فراہم کر سکتے ہیں۔ پاکستان اور ترکیہ نے مسئلہ کشمیر اور شمالی قبرص پر ہمیشہ ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کی ہے، دونوں  مسئلہ فلسطین اور اسلاموفوبیا پر بھی یکساں اور زوردار موقف رکھتی ہیں۔ صدر جمہوریہ ترکیہ رجب طیب اردگان کا مسئلہ فلسطین اور اسلامو فوبیا پر کردار قابل تحسین ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ اسلامی دنیا کو باہمی اختلافات بھلا کر مشترکہ مفادات کو فوقیت دینی چاہیے۔ اسلامی ممالک کا تعلیم، ٹیکنالوجی اور اقتصادی شعبوں میں اشتراک  وقت کی ضرورت ہے۔  پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور ایران کے درمیان اشتراک مغربی تسلط سے آزادی کے لیے لازم ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کے حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مشترکہ منڈی اور مشترکہ دفاع کے لیے قدم بڑھائیں۔ اسلامی ممالک مسلمان اقلیتوں کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی فورمز پر مشترکہ اور جان دار آواز اٹھائیں۔

مزیدخبریں