ملکی دفاع ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے،امن خراب کر نیوالوں کیلئے کو ئی جگہ نہیں:آرمی چیف

Dec 07, 2022


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے وادی تیراہ، ضلع خیبر کا دورہ کیا اور پاک۔ افغان سرحد پر تعینات فوجیوں کے ساتھ دن گزارا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کو فیلڈ کمانڈر نے ویسٹرن بارڈرز مینجمنٹ رجیم کے حصے کے طور پر آپریشنل تیاریوں اور بارڈر کنٹرول کے اقدامات کے بارے میں بریف کیا۔ افسران اور جوانوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف نے دوران ڈیوٹی کے بلند حوصلے اور آپریشنل تیاریوں پر ان کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے کہا کہ قبائلی عوام اور سیکورٹی فورسز کی بے شمار قربانیوں سے ریاست کی رٹ قائم ہوئی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ قوم کی حمایت سے تب تک جاری رہے گی جب تک ہم پائیدار امن اور استحکام حاصل نہیں کر لیتے۔ آرمی چیف نے کہا کہ مادر وطن کے دفاع کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور امن کو خراب کرنے والوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہوگی، کسی کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اب تک کی محنت سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو روکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بعد ازاں آرمی چیف نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پھولوں کی چادر چڑھائی۔ سربراہ پاک فوج کو آپریشنل، ٹریننگ اور فارمیشن کے دیگر امور کے بارے میں بریفنگ دی گئی جس میں نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی کے لیے سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں کے لیے محفوظ ماحول پیدا کرنے کی کوششیں شامل ہیں۔ قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے استقبال کیا۔ 
آرمی چیف

مزیدخبریں