وزیرمملکت مصدق ملک کی ہدایت پر گیس فراہمی بڑھادی ، تاج علی خان 


اسلام آباد(نا مہ نگار)جنرل منیجر سوئی ناردرن گیس تاج علی خان نے کہا ہے کہ وزیرمملکت مصدق ملک کی ہدایت پر گیس فراہمی بڑھادی ہے، پشاور میں گیس سپلائی یومیہ 7کروڑ کیوبک فٹ سے بڑھا کر ساڑھے 9کروڑ کر دی گئی ہے۔جنرل منیجر سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ تاج علی خان نے کہا کہ سردی آتے ہی گیس کی طلب بڑھ جاتی ہے، دور دراز علاقوں میں گیس کے مسائل ہیں، شہر میں نہیں، خیبرپختونخوا میں کھانے کے اوقات میں گیس کی ضرورت پوری ہو رہی ہے۔جنرل منیجر سوئی گیس تاج علی خان کا کہنا ہے کہ صبح 3گھنٹے، دوپہر 2اور شام کے اوقات میں 3گھنٹے گیس دی جا رہی ہے، بل ریڈنگ کے مطابق بھیجے جاتے ہیں جنہیں شکایات ہوں وہ درخواست دیں، کم پریشر اور گیس کی قلت والے علاقوں میں سلینڈر دے رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آن لائن قومی شناختی کارڈ کے اندراج سے گیس سلینڈر حاصل کیا جاسکے گا، 10کلو میٹر کے اندر گیس سلینڈر کی تبدیلی اور ڈیلوری فری ہوگی، نئے کنکشنز پر پابندی ہے، ان صارفین کو بھی گیس سلینڈرز دیے جائیں گے۔جنرل منیجر تاج علی خان کا کہنا ہے کہ اوگرا کے ریٹ کے مطابق ایل پی جی سلینڈر دیے جائیں گے، پشاور میں ہدف کے مطابق 13ہزار گیس سلنڈرز دیے جائیں گے، لیک پائپ لائنز تبدیل کرکے نئی پائپ لائنز ڈالی جا رہی ہیں۔جنرل منیجر تاج علی خان کا بتانا ہے کہ خیبرپختونخوا میں 10لاکھ اور پشاور میں تقریبا 5لاکھ گیس صارفین ہیں۔

ای پیپر دی نیشن