جنرل ساحر شمشاد کا دورہ کراچی‘ مزار قائد پر حاضری‘ پھول چڑھائے


کراچی (نیوز رپورٹر)  چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحرشمشاد مرزا نے مزار قائد پر حاضری دی ، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحرشمشاد مرزا نے کراچی کا دورہ کیا ، دورے کے دوران جنرل ساحرشمشاد مرزا نے بابائے قوم کے مزار پر حاضری دی۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے قائد اعظم کے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی لکھے ۔یاد رہے 27 نومبر کو جنرل ساحرشمشاد مرزا نے ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔جنرل ساحر شمشاد مرزا 18 ویں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ہیں، انہوں نے پی ایم اے سے 1987میں تربیت مکمل کی ،76ویں پی ایم اے لانگ کورس کی تکمیل کے بعد پاک فوج میں شامل ہوئے۔جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنے فوجی کیرئیر کا آغاز 8 بٹالین سندھ رجمنٹ سے کیا، اپریل 2019میں انہیں لیفٹیننٹ جنرل کے رینک پر ترقی دی گئی، ترقی کے بعد جنرل ساحر شمشاد مرزا مختصر مدت کیلئے ایڈجوٹنٹ جنرل جی ایچ کیو تعینات ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا جون 2019میں چیف آف جنرل اسٹاف کے عہدے پر فائز ہوئے، بعد ازاں انہیں ستمبر 2021میں کور کمانڈر راولپنڈی کے عہدے پر تعینات کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن