اسلام آباد (نا مہ نگار)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں صنفی بنیاد پر خواتین پر تشدد کے خلاف 16روزہ عالمی مہم کے حوالے سے ایک روزہ قومی سیمینار کا انعقاد ہوا، معروف ماہر تعلیم، پروفیسر ڈاکٹرعارفہ سیدہ زہرہ نے بطور مہمان خصوصی اور مقرر شرکت کرکے سیمینار کی صدارت کی۔شعبہ جینڈر اینڈ وویمن سٹڈیز کی چئیرپرسن، ڈاکٹرعاطفہ ناصر نے میزبانی کی جبکہ عقلیم فاطمہ نے سٹیج سیکریٹری کے فرائض انجام دئیے۔ ڈاکٹرعارفہ سیدہ زہرہ نے کہا کہ دنیا میں ہر تین میں سے ایک عورت کو اپنی زندگی میں صنفی تشددکا سامنا ہے اور بدقسمتی سے اس تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ظلم برداشت کرنا عورت کی سب سے بڑی غلطی ہے، اپنے حقوق اور چھوٹی چھوٹی خواہشات کے لئے عورت کوسر جھکا کر خاموش بیٹھنا نہیں چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ظلم پر صبر نہ کریں، ظلم کے خلاف آواز اٹھانے سے ہی آپ کو اپنے حقوق ملیں گے، معاشرے میں باوقار مقام ملے گا۔سیمینار میں شریک سکول، کالجز اور جامعات کی لڑکیوں کو مخاطب کرتے ہوئے ڈاکٹرعارفہ نے کہا کہ سر اٹھا کر زندہ رہنے سے ساری دنیا کے سر آپ کے سامنے جھک جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ عورتوں کے وقار کو تحفظ دینے اور ان کو حقوق دلانے کے لئے ہم سب کو ایک کردار ادا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ صنفی تشدد کے واقعات کے خلاف بیداری کے لئے مشترکہ مہم جوئی کی ضرورت ہے۔ڈاکٹرعارفہ کا کہنا تھا کہ ہمیں ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، اجنبیت اور بھوک مٹھانے، محبت بانٹے اور نعمتوں کا شکرانہ ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
صنفی تشدد کیخلاف بیداری کیلئے مشترکہ مہم جوئی کی ضرورت ہے، ڈاکٹرعارفہ
Dec 07, 2022