کراچی(نیوزرپورٹر)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر نے ایم ڈبلیو ایم انچولی یونٹ کی جانب سے منعقدہ ایام فاطمیہ ؓ کی مجالس عزا سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ اسلام حضرت فاطمہ زہرا ؓ کی بے لوث قربانیوں اور مجاہداتوں کا مقروض ہے۔ آپ کا کردار رہتی دنیا تک تمام مرد و زن کیلئے قابل تقلید ہے مسلمانان عالم کو آپ کی سیرت و کردار پر عمل کرتے ہوئے آج بھی اسلام کے زریں اصولوں اور نظام کے دفاع کیلئے میدان عمل میں آنا ہوگا۔آج دنیا بھر میں جو اسلامی تحریکیں چل رہی ہیں ان کو ایک بار پھر مادر حسنین کی سیرت کی پیروی کرتے ہوئے پہلے سے زیادہ آگاہی،گہرے شعور اور الہی منصوبہ بندیوں کے سائے تلے اسلام کے دفاع کیلئے میدان عمل میں اترنا ہوگا۔دنیا بھر میں مسلمانوں کے ابتر حالات کی ذمہ داری کم تعلیم یافتہ، فہم ناقص اور نفس کے اسیر فرقہ واریت کے کفن میں لپٹے اسلام کے ٹھیکے داروں کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
حضرت فاطمہؓ کی سیرت دنیاکی تمام خواتین کیلئے مثالی نمونہ
Dec 07, 2022