کراچی( این این آئی)امیر اہل سنت علامہ محمدالیاس عطار قادری نے کہا ہے کہ آپس میں رحم کرنا یہ مومنین کی صفت ہے ،تمام مخلوق انسان ،جانور وغیرہ کیلئے رحم دل ہوجائیں ،جو رحم نہیں کرتا اس پر رحم نہیں کیا جاتا ،رحم کرنے والوں پر رحمن عزوجل رحم کرے گا ، آپ زمین والوں پر رحم کریں پروردگار آپ پر رحم کرے گا۔ ان خیالات کاا ظہار انہوں نے ہفتہ وار مدنی مذاکرے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر اہل سنت نے کہا کہ اللہ پاک تمام رحم کرنے والوں سے بڑھ کر رحم کرنے والا اور تمام مہر بانی کرنے والوں سے بڑھ کر مہربانی فرمانے والا ہے ،رحم دلی ہونی چاہئے اور اعلیٰ درجہ کی ہونی چاہئے ،جسے جانتے ہیں صرف اس کیلئے نہیں بلکہ جس کو نہیں جانتے اس پر بھی رحم کریں ، انسان تو انسان جانوروں پر بھی بے رحمی کا سلوک نہ کریں ،جتنی مخلوق اپنے حق میں رحم دل ہوتی ہے اس سے بڑھ لوگوں پر رحم دل ہوجائیں ،یہ وراثت مصطفی ﷺہے ۔ امیر اہل سنت نے کہا کہ اگر ہم ایک دوسرے پر رحم کرنا شروع کردیں گے تو ظلم کا خاتمہ ہوجائے گا کیونکہ ظلم رحم کی الٹ ہے ، جو رحم دل ہوگا وہ ظلم نہیں کرسکتا ،بے رحمی کی وجہ سے لوگ ایک دوسرے کا گلا کاٹ دیتے ہیں ،دھوکہ دیتے ہیں ،مہنگی چیزیں بیچتے ہیں ،اگر رحم نافذ ہوجائے تو ہمارا معاشرہ ایسا خوشحال ہوجائے کہ اس کی مثالیں دی جائیں ،بے رحمی کی وجہ سے گھروں میں بھی جھگڑے ہوتے ہیں ،کسی کو مارا پیٹا جاتا ہے جب رحم ہوگا تو یہ سب کچھ نہیں ہوگا ،رحمت بہت عمدہ صف ہے ، اللہ کریم ہم سب کو نصیب فرمائے ۔