بیت المقدس: مقبوضہ سرزمینِ فلسطین میں اسلامی تحریک کے نائب صدر شیخ کمال خطیب نے مظلوم فلسطینیوں سے مسجدِ اقصیٰ خالی نہ چھوڑنے کی اپیل کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نائب صدر اسلامی تحریک شیخ کمال خطیب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ فلسطینی، مغربی کنارے اور القدس کے لوگ مسجدِ اقصیٰ کا سفر کریں۔ مقدس مسجدِ اقصیٰ کے اردگرد خطرناک سازشیں کی جارہی ہیں۔بیان میں نائب صدر اسلامی تحریک شیخ کمال خطیب نے کہا کہ سازشیں اور تعلقات معمول پر لانے کے منصوبے فلسطینیوں سے متقاضی ہیں کہ وہ قابض دشمن کو پیغام دیں کہ اقصیٰ اور مغربی دیوار صرف مسلمان قوم کیلئے ہے۔نائب صدر اسلامی تحریک نے کہا کہ مسجدِ اقصیٰ کی دیواروں پر قابض ریاست اسرائیل کے ناپاک عزائم کو پاش پاش کردیں گے جبکہ یہ مسجد صرف مسلمانوں کیلئے ہے۔ یہ مسجد ہمارا قبلۂ اوّل اور مقدس زیارت گاہ ہے۔شیخ کمال خطیب نے کہا کہ کعبۂ اللہ کی طرف متوجہ ہونے والے تمام مسلمان مسجدِ اقصیٰ کو قبلۂ اوّل تسلیم کرتے ہیں۔ فلسطینی قوم مشکل حالات کا شکار ہے۔ دشمن ہمیں کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ مسجدِ اقصیٰ کی آزادی کی منزل دور نہیں۔