راولپنڈی: عوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سیاسی استحکام ملک کی ضرورت ہے جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف کو یہ بات سمجھ میں نہیں آرہی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ معروف صحافی ارشد شریف پر زندگی میں 16 مقدمات درج ہوئے۔ شہادت کے 44دن بعد ایف آئی آر ہوئی، وہ بھی ماں کی مدعیت میں نہیں۔ٹوئٹر پیغام میں عوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ قابلِ احترام سعودی سفیر سمجھتے ہیں کہ سیاسی استحکام پاکستان کی ضرورت ہے جبکہ شہباز شریف اور فضل الرحمان کو یہ بات سمجھ میں نہیں آرہی۔
پیغام میں حکومت کی معاشی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ روسی تیل اور گندم کی درآمد سوالیہ نشان ہیں۔ نواز شریف جلدی کر لے۔ الیکشن قبل از وقت ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل شیخ رشید احمد نے کہا کہ ارشد شریف کیس پر سپریم کورٹ کا از خود نوٹس قابلِ تحسین ہے۔ اس کیس میں بہت سے چھپے ہوئے چہرے بے نقاب ہوجائیں گے۔
گزشتہ روز اپنے ٹوئٹر پیغام میں سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ قوم عمران خان پر حملے اور اعظم سواتی کیس میں بھی سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہی ہے۔ 13 فراری پارٹیاں الیکشن کی تیاری کریں۔ روس سے تیل کا معاہدہ عام کیا جائے۔