اسلام آباد (وقائع نگار+ نمائندہ نوائے وقت+ آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی الیکشن کمیشن سے نااہلی فیصلے کیخلاف اپیل واپس لینے کی درخواست خارج کردی۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے اپیل واپس لینے کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ 13 ستمبر کو عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے 21 اکتوبر کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کر رکھا تھا۔ الیکشن کمیشن نے21 اکتوبر 2022 کو سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو نااہل قرار دینے کا فیصلہ دیا تھا جس کے بعد سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے فیصلے کے خلاف گزشتہ برس 28 اکتوبر کو ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے لاہور ہائیکورٹ میں معاملہ زیرِ التوا ہونے کے باعث اپیل واپس لینے کی درخواست دائر کی تھی۔ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے 18 جنوری کو اپیل واپس لینے کی درخواست دائر کی تھی اور 13 ستمبر کو فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ علاوہ ازیں توہین الیکشن کمیشن کیس میں بانی پی ٹی آئی اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کے جیل ٹرائل کا فیصلہ کر لیا گیا۔ سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چودھری کے خلاف ٹرائل اڈیالہ جیل میں کرنے سے متعلق الیکشن کمیشن نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ اور وزارت قانون کی رائے کے بعد ٹرائل کا فیصلہ کیا۔ سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چودھری کے خلاف فرد جرم کی کارروائی اڈیالہ جیل میں ہوگی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے وزارت داخلہ کو 2 روز میں انتظامات مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سابق چیئرمین پی ٹی آئی پر توہین الیکشن کمیشن کیس میں فرد جرم 13 دسمبر کو عائد ہو گی۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار الیکشن کمیشن جیل میں ٹرائل کرے گا۔ واضح رہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چودھری کیخلاف توہین آمیز گفتگو پر توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی چل رہی ہے۔ علاوہ ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں سزا کا فیصلہ معطل کرنے کی درخواست پر الیکشن کمیشن کے وکیل کو دلائل دینے کیلئے مزید وقت دیدیا۔ عدالت کی جانب سے جاری سماعت کے تحریری حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ 11 دسمبر کو الیکشن کمیشن کے وکیل نے دلائل نہ دیے تو ریکارڈ دیکھ کر فیصلہ کر دیں گے۔ اس سے قبل عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو تحریری دلائل جلد از جلد جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت نے 190ملین پانڈ ریفرنس میں طلبی کے باوجود غیر حاضر ملزموں کے خلاف اشتہاری کی کاروائی شروع کرتے ہوئے سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی درخواست ضمانت پر سماعت13 دسمبر تک ملتوی کردی۔ اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت پیش کیاگیا، عدالت نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی 190 ملین پانڈ ریفرنس میں حاضری لگائی،چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنیں بھی کمرہ عدالت موجود تھیں۔