انتخابات کا شیڈول کب آرہا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ

 اسلام آباد؍ لاہور (وقائع نگار+ خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے ملک بھر کے مختلف حلقوں کی حلقہ بندیوں سے متعلق درخواست میں معاملہ الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا۔ سینئر قانون دان احسن بھون کی جانب سے حافظ آباد کی حلقہ بندیوں کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن سے کوئی آیا ہوا ہے، جس پر وکیل الیکشن کمیشن روسٹرم پر آگئے اور کہا کہ میں کسی اور کیس کے سلسلے میں آیا ہوں ہمیں اس کیس میں نوٹس نہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ لیکن اس میں تو سپیشل میسنجر کے ذریعے آگاہ کیا گیا ہے، الیکشن کمیشن کا الیکشن شیڈول کب آرہا ہے، مختلف لوگوں نے ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے، لوگوں کو فرسٹریٹ نہ کریں حلقہ بندیاں چیلنج ہو رہی ہیں، یہ ایسے تو کیس نہیں کہ چھٹیوں کے بعد لگیں گے، چھوٹے چھوٹے ایشوز ہیں حلقہ بندیوں کے انہیں حل کریں، وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن تو اس کورٹ کے ڈسپوزل پر ہوتا ہے جب عدالت بلاتی ہے آجاتے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ویسے پہلی سماعت پر تو نہیں ہوتے جب آکر پھنس جاتے ہیں تو پھر آجاتے ہیں،  روزانہ کی بنیاد پر کیسز عدالت میں آ رہے ہیں، اس معاملے کو دیکھ لیں۔ احسن بھون ایڈووکیٹ نے کہاکہ ملک بھر میں کوئی ایسا حلقہ نہیں جس کی آبادی 13 لاکھ سے زائد ہو، حافظ آباد کی کل آبادی 13 لاکھ 19 ہزار سے کچھ زیادہ اور صرف ایک حلقہ بنایا گیا ہے۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو معاملہ سن کر فیصلہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹی چھوٹی چیزیں ہیں درخواست گزار کو سنیں اور مسئلہ حل کریں، آخر کار جو بھی معاملہ حلقہ بندی کا ہے وہ آپ نے ہی سننا ہے، پندرہ پندرہ منٹ کا تو ٹوٹل مسئلہ ہے سنیں اور نمٹائیں، اور بھی کئی جگہوں کے حلقوں کا مسلئہ ہے انہیں بھی وقت دیں، کوشش کریں جلدی جلدی سے سنیں اور احکامات جاری کیے جائیں۔ عدالت نے حکم دیاکہ حلقہ بندیوں سے متعلق الیکشن کمیشن درخواست گزاروں کو سن کر فیصلہ کرے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے نئی حلقہ بندیوں کے خلا ف درخواستوں پر الیکشن کمیشن اور ڈی لیمیٹیشن کمیٹی سے 8 دسمبر کو جواب طلب کرلیا۔ درخواستوں میں گوجرانوالہ اور لاہور سے دو حلقوں کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست گزاروں کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ دونوں حلقوں کی حلقہ بندیاں ٹھیک نہیں ہوئیں۔ دوسری جانب  عام انتخابات کا شیڈول جاری کرنے سے رکوانے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق شہری کی درخواست پر آج سماعت کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن