امریکا نے بدھ کے روز سوڈان میں تنازعہ کے دونوں فریقوں پر جنگی جرائم کا ارتکاب کرنے کا الزام عائد کیا اور ساتھ ہی ریپڈ سپورٹ فورسز کو نسلی صفائی اور انسانیت کے خلاف جرائم کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن نے ایک بیان میں کہا کہ "یہ بات میرے لیے واضح ہو گئی ہے کہ سوڈانی مسلح افواج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے ارکان نے سوڈان میں جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے"۔ انہوں نے "ریپڈ سپورٹ فورسز اور ملیشیاؤں کے ارکان پر یہ الزام لگایا کہ وہ "انسانیت کے خلاف جرائم اور نسلی صفائی کی کارروائیوں" کا ارتکاب کرتی ہیں۔بلینکن نے سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز پر زور دیا کہ "اب اس تنازعے کو روکیں، بین الاقوامی انسانی قانون اور انسانی حقوق کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی تعمیل کریں اور مظالم کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لائیں۔عبدالفتاح البرہان کی قیادت میں سوڈانی فوج اور ان کے سابق نائب محمد حمدان دقلو کی قیادت میں ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان جنگ گذشتہ اپریل سے جاری ہے۔آرمڈ کنفلیکٹ لوکیشنز اینڈ ایونٹس ڈیٹا پروجیکٹ (ACLED) کے اندازوں کے مطابق جنگ کے نتیجے میں دس ہزار سے زیادہ اموات ہوئیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق، اس کی وجہ سے تقریباً 60 لاکھ افراد ملک کے اندر یا پڑوسی ممالک میں بے گھر ہوئے۔