یونین کونسل سے پارٹی تک انتخابی سیاست میں تیزی

فرحان انجم ملغانی
الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کے انعقاد کیلئے دی گئی تاریخ 8 فروری جوں جوں قریب آرہی ہے ملک میں سیاسی جماعتوں میں جوڑ توڑ ،نئے سیاسی اتحاد  اور سیٹ ایڈجسمنٹ کا عمل میں بھی تیزی دیکھنے میں آرہی ہے،اسوقت ملک میں سیاسی جماعتوں میں ہلچل دیکھنے میں آرہی ہے۔ سیاسی جماعتیں الیکشن کمیشن کی جانب سے اٹھ فروری کے انعقاد کے اعلان کے بعد بے یقینی کی کیفیت سے باہر نکل آئی ہیں اور اب یونین کونسل کی سطح پر ان جماعتوں کی جانب سے مختلف سیاسی سرگرمیاں اپنے عروج پر پہنچ رہی ہیں۔ سیاسی جماعتیں اپنے دفاتر کا افتتاح کر رہی ہیں جبکہ ملکی سطح پر سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کے ساتھ انتخابی اتحاد بنانے میں جت گئی ہیں۔ یوں لگ رہا ہے کہ جیسے سیاسی جماعتوں کو الیکشن نہ ہونے کا یقین تھا اور اب الیکشن کا نقارہ بجتے ہی بہت تیزی سے الیکشن کے حوالے سے اقدامات کو مکمل کر رہی ہیں۔ ملتان میں بھی سیاسی جماعتیں اپنے امیدواروں کو میدان میں لانے کے لیے تیزی سے اقدامات کر رہی ہیں۔  مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے امیدواروں کے انٹرویوز کا عمل بھی جاری ہے جس کے بعد ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں صوبائی اور قومی اسمبلی کے امیدواروں نے اپنی اپنی انتخابی مہم شروع کر رکھی ہے، امیدواران اپنے حلقہ کی غمی وخوشی کی کوئی تقریب مس نہیں کررہے ،بعض امیدواران کی جانب سے متعدد  حلقوں میں پسند و ناپسند کی بنیاد پر تبدیلیوں کی شکایات بھی سامنے آرہی ہیں مگر تاحال سیاسی جماعتوں نے اپنے امیدواران کی حتمی فہرست جاری نہیں کی، امیدواران کو گرین سگنل نہ ملنے کیوجہ سے تاحال امیدواران کھل کر اپنی انتخابی مہم کھل کر شروع نہیں کر پارہے اسی طرح پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بھی لائحہ عمل واضح نہیں کیونکہ انکے سابق اراکین اسمبلی کی بڑی تعداد یا تو پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر چکی ہے یا تو منظرعام سے غائب ہے اور ووٹرز سمیت دیگر جماعتوں کے امیدوار بھی گومگو کا شکار ہیں، اسی طرح مسلم لیگ ن کی جانب سے پی ٹی آئی کے منحرف اراکین اور دیگر جماعتوں کے الیکٹیبلز کیلئے دروازے کھولنے پر مسلم لیگ کے دیرینہ کارکنوں میں اضطراب پایا جارہا ہے۔
 علاوہ ازیں نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے گزشتہ روز ملتان کا دورہ کیا اور پی ٹی وی ملتان سینٹر کی 24 گھنٹے نشریات اور ریڈیو پاکستان ملتان مرکز میں جدید ترین ڈیجیٹل سٹوڈیو کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملتان صوفیائے کرام کی دھرتی ہے، سرائیکی فنکاروں اور گلوکاروں نے سرائیکی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے اہم کردار ادا کیا، پی ٹی وی ملتان سینٹر پچھلے 16 سال سے اس خطے کی خدمت میں مصروف عمل ہے، پی ٹی وی نیشنل ملتان کی نشریات سیٹلائٹ پر منتقل ہونے سے یہاں کے لوگوں کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا ہے جو اب دنیا کے پچاس ممالک میں دیکھی جا سکیں گی۔ پی ٹی وی ملتان کی 24 گھنٹے نشریات کی افتتاحی تقریب سے سرائیکی زبان میں خطاب اور ریڈیو پاکستان ملتان مرکز میں ادیبوں اور شاعروں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہ برصغیر میں سلسلہ سہروردیہ حضرت بہاؤالدین ذکریا ملتانی کی وجہ سے شروع ہوا، اسی طرح برصغیر میں سلسلہ قادریہ اْچ شریف سے حضرت غوث بندگی نے شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ خطہ ملتان نے ہمیشہ سے ادب اور علوم و فنون کی بہت خدمت کی ہے، اس خطے میں پورے برصغیر سے فنکار اور گلوکار آئے، عظیم گلوکار پٹھانے خان، ثریا ملتانیکر، استاد حسین بخش ڈھاڈھی، بدرو ملتانی، نصیر مستانہ، جمیل پروانہ، عاشق حسین، رمضان حسین، پروین نظر، زاہدہ پروین، منصور ملنگی، غلام عباس اور دیگر گلوکاروں نے موسیقی کی بہت خدمت کی اور سرائیکی خطے کا نام دنیا بھر میں روشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی ملتان سینٹر پچھلے 16 سال سے اس خطے کی خدمت کر رہا ہے، یہاں کے لوگوں کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ پی ٹی وی ملتان کی نشریات سیٹلائٹ پر منتقل کی جائے جو آج پورا ہو گیا ہے، پی ٹی وی نیشنل ملتان کے نام سے نشریات دنیا کے 50 ممالک میں دیکھی جا سکیں گی۔ پیلز پارٹی کے دور میں جب میں ڈی جی ریڈیو پاکستان تھا  قومی نشریاتی رابطے پر سرائیکی خبروں کا بلیٹن شروع کروایا، اس وقت یوسف رضا گیلانی نے پہلا بلیٹن پڑھا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی ملتان سے سیٹلائٹ نشریات کا افتتاح کرنا میرے لئے باعث اعزاز ہے، یہاں کے فنکار، ادیب اور شعراء کرام اب آسانی سے پوری دنیا میں اپنے فن کا مظاہرہ کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی ملتان نے گزشتہ 16 سال کے دوران شعبہ خبر اور کرنٹ افیئرز کے پروگراموں کو بہترین طریقے سے کور کیا، امید ہے یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کے شاعروں احمد خان طارق، عاشق بزدار، اقبال سوکڑی، شاکر شجاع آبادی، رفعت عباس اور اشو لال کے علاوہ بہت سے شعراء کرام نے شہرت حاصل کی۔ پی ٹی وی نیشنل ملتان کے سیٹلائٹ پر آنے کے بعد شاعروں، ادیبوں اور فنکاروں کو زیادہ مواقع میسر آئیں گے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...