شان مسعود کی سنچری، پاکستان کے 6وکٹوں پر 324رنز

Dec 07, 2023

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان نے پرائم منسٹر الیون کیخلاف 4روزہ میچ کے پہلے دن کے اختتام پر 6 وکٹوں پر 324رنز بنا لئے۔کینبرا کے مانوکا اوول گرائونڈ میں شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان کی جانب سے عبد اللہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا، امام الحق 9رنز بنا کر کیچ آئوٹ ہوئے جبکہ عبداللہ شفیق 38رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ بابر اعظم 40اور سعود شکیل 13رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔سرفراز احمد نے 41رنز بنائے جبکہ فہیم اشرف کھیل کے آخری اوور میں 17رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔شان مسعود نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور وہ 156رنز کیساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔جارڈن بکنگھم نے تین کھلاڑیون کوآئوٹ کیا ۔میچ سے قبل آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانیز نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور گروپ فوٹو بنوائے ۔ وہ کھلاڑیوں کے ساتھ گھل مل گئے ۔انہوںنے میچ کے دوران کمنٹری بھی کی اور کھیل سے لطف اندوز ہوئے ۔ انہوں نے دونوں ٹیموں کے کپتانوں سے مصافحہ کیا ‘میزبان آسٹریلوی پرائم منسٹر الیون کے کپتان نتھن میکسوینی نے وزیر اعظم کے گیند کا تحفہ پیش کیا ۔ میچ سے قبل آسٹریلیا میں پاکستان کے سفیر زاہد حفیظ چودھری نے بھی قومی کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی اور ترانہ تقریب میں بھی شریک ہوئے ۔ قومی ٹیم کے بیٹر عبداللہ شفیق نے کہا ہے کہ آسٹریلوی پرائم منسٹر الیون کیخلاف میچ کا پہلا دن ہمارے لئے بہت اچھا رہا۔کنبیرا میں 4 روزہ میچ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے عبداللہ شفیق نے کہا کہ کپتان شان مسعود نے بہت اچھی اننگز کھیلی اس میں سیکھنے کیلئے بہت کچھ تھا۔ دورے کا آغاز کتنا پرْاعتماد ہوتا ہے یہ اہمیت رکھتا ہے کوشش ہوگی کہ بقیہ دنوں میں بھی اچھا کھیلیں۔ موسم گرم ہے اور آؤٹ فیلڈ سلو ہے شروع میں بیٹنگ کیلئے مشکل تھی لیکن پھر وکٹ اچھا کھیلی، کوشش کریں گے کہ دوسرے روز اچھا سکور کرکے میزبان ٹیم کو کم سکور پر آؤٹ کریں۔عبداللہ شفیق نے واضح کیا کہ یہ فرسٹ کلاس میچ ہے جو ٹیسٹ سیریز کی تیاری کیلئے بہت مددگار ثابت ہوا ہے۔

مزیدخبریں