لاہور(نامہ نگار)ٹریفک پولیس پنجاب نے گزشتہ روز 95ہزار سے زائد لرننگ ڈرائیونگ لائسنس جاری کرکے ایک روز سب سے زیادہ لائسنس جاری کرنے کا ریکارڈ بنایاہے۔ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ نے کہا کہ ہر وہ شہری جو ڈرائیونگ کرتا ہے اس کے پاس لائسنس ہونا چاہئے۔ ٹریفک پولیس پنجاب نے گزشتہ 4دنوں میں 3لاکھ 15ہزار سے زائد لرننگ ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے ہیں۔پولیس حکام نے شہر کے تھانوں میں عوام کیلئے سہولت سینٹر بنانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ تھانوں کے فرنٹ ڈیسک پر ڈرائیونگ لرنر لائسنس جاری کرنے کا منصوبہ بھی شروع کیا جارہا ہے۔سی ٹی او لاہور نے ڈرائیونگ لرنر کی سہولت تھانوں کے فرنٹ ڈیسک پر دینے کی تجویز آئی جی پنجاب کوپیش کی تھی۔ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب نے فرنٹ ڈیسک پر لرنر لائسنس بنانے کی منظوری دیدی جس پر پی آئی ٹی بی سے مل کر فرنٹ ڈیسک پر ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت دینے پر ورکنگ کا آغاز کر دیاگیا ہے۔تھانوں میں سہولت ملنے کے بعد شہر کے84 پولیس سٹیشنز پر لرنر لائسنس بن سکیں گے۔