لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سینئر ٹریفک وارڈن کے عہدے پر ترقی پانے والے ٹریفک افسران کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس میں تقریب منعقد کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور سینئر پولیس افسران نے ترقی پانے والے 50 سے زائد ٹریفک وارڈنز کو نئے عہدے کے پروموشن رینکس لگائے،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے پروموٹ ہونے والے ٹریفک وارڈنز کو مبارکباد دیتے ہوئے مزید تندہی سے فرائض کی ادائیگی کا حکم دیا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ٹریفک وارڈنز میرے دل کے بہت قریب ہیں۔ سڑکوں پر خدمات انجام دینے والے ٹریفک وارڈنز پنجاب پولیس کے حقیقی ایمبیسیڈر ہیں۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب شہریوں کیساتھ بھی خندہ پیشانی سے پیش آئیں۔تقریب میں ٹریفک وارڈنز کیساتھ ساتھ انکے اہل خانہ بشمول والدین، بیوی اور بچوں کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا ۔