عافیہ صدیقی سے امریکی جیل میں سفاکانہ سلوک،پاکستان حکمران مجرم ہیں:فرید پراچہ

Dec 07, 2023

لاہور(نیوز رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے قوم کی حافظ قرآن بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے امریکی جیل میں سفاکانہ سلوک اور غیرانسانی تشدد پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی حکمرانوں کو بالواسطہ مجرم قرار دیا ہے۔ منصورہ سے جاری بیان میں کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کے وکیل کا اخباری انٹرویو چشم کشا اور پوری قوم کیلئے تازیانہ غیرت ہے۔ قوم کی بیٹی کو امریکی جیل سے رہا نہ کروا کے ماضی کے تمام حکمرانوں نے اعانت مجرمانہ کی ہے۔ حکومت پاکستان اپنی پوزیشن واضح کرے۔ وکیل کے مطابق حکومت پاکستان تمام مجرمانہ واقعات سے مکمل آگاہ تھی۔ یہ انتہائی شرمناک صورت حال ہے اور اس خبر کی اشاعت کے بعد حکومت پاکستان اپنی پوزیشن واضح کرے تاکہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے حکومتی کوششوں سے قوم آگاہ ہو سکے۔ اگر حکومت پاکستان ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے سنجیدہ ہوتی تو اب تک اس کی رہائی عمل میں آ چکی ہوتی۔

مزیدخبریں