پاکستان سٹڈیز ختم کرکے کانسٹی ٹیوشنل ڈویلپمنٹ متعارف کروانا سمجھ سے بالا تر:مفتی محمد کریم

لاہور ( خصوصی نامہ نگار) وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے بی اے،بی ایس سی آنرز پروگرام میں پاکستان سٹڈیز کا لازمی مضمون ختم کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایچ ای سی انڈر گریجویٹ پالیسی فوری ختم کرکے پاکستان سٹڈیز کو لازمی مضمون کے طور پہ پڑھانے کے احکامات جاری کرے۔پاکستان سٹڈیز کو ختم کرکے کانسٹی ٹیوشنل ڈویلپمنٹ متعارف کروانا سمجھ سے بالا تر ہے۔مضمون کی تبدیلی سے مسائل میں اضافہ اور قومی جذبات بارے خدشات پیدا ہو رہے ہیں۔ پاکستان سٹڈیز کی حیثیت کو لازمی مضمون کے طور پر فوری بحال کیا جائے۔ آئین کا مضمون شامل کرنے والوں نے ہمیشہ آئین کو اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن طلبہ اسلام کے سابق مرکزی سیکرٹری جنرل محمد اکرم رضوی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہا سپریم کورٹ اردو کے نفاذ کے حوالے سے اپنے احکامات پہ عملدرآمد کروائے۔قومی زبان اردو کا فوری سرکاری و دفتری زبان کے طور نفاذ یقینی بنایا جائے۔ ملک کے خوشحال مستقبل کیلئے اردو کا فروغ ضروری ہے۔قائد اعظم یونیورسٹی کی انتظامیہ اسلامک سٹڈیز کے مضمون کو آن لائن کی بجائے فزیکلی پڑھنے کے احکامات جاری کرے۔

ای پیپر دی نیشن