لاہور ( خصوصی نامہ نگار )سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کا دربار حضرت بابا نولکھ ہزاری کی نامکمل ترقیاتی سکیم کے جائزہ کے دوران ناقص میٹریل کے استعمال اور منظور شدہ سکیم کے برعکس تعمیرات پراظہار ِ برہمی،انضباطی و ابتدائی انکوائری کارروائی کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ جزا وسز ا کے بغیر معاشرے مربوط نہیں رہتے۔ شفافیت اور گڈ گورننس کے ذریعہ ہی ترقی ممکن ہے۔ کرپشن کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔اسی سے ترقی اور بہتری ممکن ہے۔ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں،کرپشن پر زیرو ٹالرینس ہے۔ محکمانہ تعمیر و ترقی کیلئے شفافیت، دیانت، میرٹ اور محنت کو اپنا نا لازم ہے۔ کرپشن اور بدیانتی اور نااہلی کو کسی صورت برادشت نہیں کیا جاسکتا۔ اس موقع پرمنیجراوقاف شاہد ارسلان، ایس ڈی او اوقاف راؤ عمران و دیگر بھی موجود تھے۔جائزہ کے دوران دربار شریف پر موجودزائرین نے ترقیاتی سکیم کی بابت نقشہ سے ہٹ کر تعمیر اور تعمیر کے دوران ناقص میٹریل کے استعمال کی شکایت کی، جس پر نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری اوقاف نے سب ڈویژنل آفیسر داتا درباروجاہت علی کو ابتدائی انکوائری کیلئے مامور کرتے ہوئے ترقیاتی سکیم کا ریکارڈ اور موقع ملاحظہ کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ اندریں سات یوم پیش کرنے کی ہدایت کی۔