پاک فوج مادر وطن کی حفاظت کا فریضہ خون کے آخری قطرے تک ادا کرے گی: آرمی چیف

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا۔ کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہیں سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال، انسداد دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں اور غیر قانونی مقیم تارکین وطن کی واپسی اور نئے ضم شدہ اضلاع میں سماجی واقتصادی ترقی کی پیش رفت سے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے مختلف کارروائیوں میں بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ کرنے والے افسران وجوانوں سے ملاقات کی اور پہلی بار منعقد ہونے والی قومی ورکشاپ این ڈبلیو کے پی ون کے شرکا سے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ قوم کو مسلح افواج کی کارکردگی پر فخر ہے اور پاک فوج مادر وطن کے ایک ایک انچ کی حفاظت کا بےلوث ومقدس فریضہ خون کے آخری قطرے تک ادا کرتی رہے گی۔ جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ پاکستان کے امن واستحکام کے لیے دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو ہم آہنگی اور جامع حکمت عملی کے ذریعے ناکام بنایا جا رہا ہے، کامیابی پاکستان کا مقدر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کو خیبر پختونخوا کے غیور عوام کی پُرعزم حمایت کے باعث ہی سماجی واقتصادی ترقی کے منصوبوں پرپیشرفت حاصل ہوئی۔ آرمی چیف نے کہا کہ غیر قانونی مقیم تارکین وطن ملکی سلامتی اور معیشت کو بُری طرح متاثر کر رہے ہیں۔ ان کی وطن واپسی کا فیصلہ حکومت نے پاکستان کے وسیع تر مفاد میں کیا ہے اور انہیں طے شدہ اصولوں کے مطابق باعزت طریقے سے ان کے ملکوں میں واپس بھیجا جا رہا ہے۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے نئے ضم شدہ اضلاع میں اقتصادی ترقی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

ای پیپر دی نیشن