پنجاب کے ضلع بہاولپور کے شیر باغ چڑیا گھر میں چیتے نے ایک شہری کی جان لے لی۔بتایا گیا کہ بہاولپور کے شیر باغ چڑیا گھر میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں چیتے کے حملے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ جنگلے میں موجود چار ٹائیگرز نے شہری کی لاش کو چیر پھاڑ دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچی تاہم جاں بحق ہونے والے شہری کی شناخت نہ ہو سکی۔ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ شہری چیتے کے کورٹ یارڈ میں کیسے داخل ہوا اس حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ٹائیگر کے حملے سے متعلق ابتدائی رپورٹ جاری کر دی گئی۔رپورٹ کے مطابق سوئپر ساڑھے دس بجے صفائی کے لیے شیر ہاؤس گیا تو واقعے کا پتہ چلا۔ ڈی سی، اے سی، پولیس اور رسیکیو ادارے بھی پہنچے۔جاں بحق شخص سے کسی قسم کی دستاویزات نہیں ملیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ابتدائی تحقیقات سے جاں بحق شخص نشے کا عادی معلوم ہوتا ہے۔چڑیا گھر واقعے پر کمشنر نے تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ڈپٹی کمشنر ، ہیڈ آف فرانزک ، سائنس کنزرویٹو جنگلات کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔انچارج فرانزک، ریسکیو انچارج کرائم سین بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔گذشتہ روز وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات اور غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے چڑیا گھر میں ٹائیگرز کے حملے سے شہری کے جاں بحق کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری وائلڈ لائف اور کمشنر بہاولپور سے رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے واقعہ کی تحقیقات اور غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ غفلت برتنے والے عملے کے خلاف محکمانہ اور قانونی کارروائی کی جائے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے چڑیا گھروں کا سکیورٹی آڈٹ کرنے کا حکم دیتے ہوئے چڑیا گھر کی سیر کے لئے آنے والے بچوں اور شہریوں کی حفاظت کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کی ہدایت کی ۔