بھاگنے والی عورت نہیں، سرکردہ رہنما مجھے، کارکنوں کو ڈی چوک میں اکیلا چھوڑ کر فرار ہو گئے، کارروائی کی جائیگی: بشریٰ بی بی

Dec 07, 2024

پشاور(بیورو رپورٹ)پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے کہا ہے کہ بھاگنے والی عورت نہیں ہوں،مجھے ڈی چوک پر کارکنوں کے ساتھ اکیلا چھوڑ کر تمام سرکردہ رہنما فرار ہوگئے اور میرے فرار کے بیانات دیئے، ایسے رہنماؤں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔بشریٰ بی بی اسلام آباد دھرنے میں جاں بحق تاج الدین کے گھر گئیں ، ورثا سے تعزیت کی ، ایک کروڑ کا چیک دیا،  بشریٰ بی بی نے زاہد آباد میں شہید کے نام سے گرلز ہائی سکول بنانے کا بھی اعلان کیا۔بشریٰ بی بی نے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہادتوں کی وجہ سے تکلیف میں تھی، مجھے سمجھ نہیں آرہا تھا کہ لوگ اتنا جھوٹ کیوں بول رہے ہیں، میں بھاگنے والی عورت نہیں ہوں، جو خان کے لیے نکلے ان کو تو بالکل بھی اکیلا چھوڑ کر نہیں جاسکتی۔انہوں نے کہا کہ کسی کو نہیں پتہ تھا کہ میری گاڑی کون سی ہے، ساڑھے 12 بجے تک میں ڈی چوک میں اپنی گاڑی میں بالکل اکیلی تھی،انہوں نے کہا کہ بی بی وہاں سے نہیں ہٹی تھی کیونکہ خان نے کہا تھا کہ ہٹنا نہیں، میں نے سب کو کہا کہ مجھے اکیلا نہیں چھوڑنا لیکن سب نے مجھے اکیلے چھوڑدیا تھا اور میں وہاں بالکل اکیلی تھی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جب میں ڈی چوک سے نہیں جارہی تھی تو میری گاڑی پر سیدھی فائرنگ کی گئی۔ پٹھان ہمیشہ غیرت مند رہے ہیں اور انہوں نے ہمیشہ اس کا ثبوت دیا ہے، عمران خان کی ہدایت پر جاں بحق کارکنوں کے لواحقین سے ملنے آئی ہوں۔ 

مزیدخبریں