گووا (نیٹ نیوز) انڈین پریمیئر لیگ کے لئے کھلاڑیوں کی دوسری نیلامی بھارت کے شہرگووا میں شروع ہو گئی ۔ انگلش کرکٹرز اینڈریو فلنٹوف اور کیون پیٹرسن آئی پی ایل کے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے۔ بولی میں تمام فرنچائز کی توجہ کا مرکز انگلش کھلاڑی رہے جنہوں نے بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا‘ انگلینڈ کے سابق کپتان کیون پیٹرسن اور ہم وطن اینڈریو فلنٹوف کو بنگلور رائل چیلنجرز اور چنئی سپرکنگز نے 15 لاکھ 50 ہزار ڈالرز میں خریدا ۔ دریں اثناء انڈین پریمئر لیگ کے دوسرے سیزن میں 28 کھلاڑیوں کا کوئی خریدار سامنے نہیں آیا۔ آسٹریلیا کے 18 کھلاڑیوں میں سے بیشتر کے لئے کسی نے بولی نہیں لگائی۔ انگلینڈ کے سمت پٹیل اور لیوک رائٹ اور نیوزی لینڈ کے جیمز فرینکلن نیلامی میں توجہ حاصل نہ کر سکے۔ دوسرے سیزن میں کسی بھی بھارتی کھلاڑی کو شامل نہیں کیا گیا۔