لاہورکی شاہ عالم مارکیٹ میں لگی آگ پردس گھنٹے بعد قابو نہیں پایا جاسکا ہیلی کاپٹرکے ذریعے آتشزدگی پر قابو پایا جارہا ہے

Feb 07, 2011 | 14:30

سفیر یاؤ جنگ
لاہورکےعلاقے موچی گیٹ میں مصروف ترین شاہ عالم مارکیٹ میں بحریہ پلازہ کے گودام میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی، آگ نےدیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ آتشزدگی کےباعث پلازے کا ایک حصہ زمین بوس ہوگیا ۔ بے قابو آگ نےارد گرد کے پلازوں، دو گھروں اور ایک مسجد کو بھی اپنی لپیٹ میں لےلیا ہے۔ آتشزدگی کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ بائیس افراد جھلس گئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گودام میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی تاہم عینی شاہدین کے مطابق آتشزدگی سے پہلے چار پانچ دھماکوں کی آوازیں بھی سُنی گئیں۔ یہ گودام باڈی سپرے اور پرفیوم کے سٹوریج کے لیے بھی استعمال کیا جاتا تھا تاہم خدشہ ہے کہ یہاں آتش بازی کا سامان بھی سٹورکیا جاتا تھا۔
دوسری جانب اطلاع ملتے ہی ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو اور فائربریگئیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بُھجانے کی کوششیں شروع کردیں،تنگ گلیوں اور تنگ راستوں کے باعث ریسیکو ٹیموں کو انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کمشنر لاہور ندیم حسن آصف کے مطابق تمام محکموں اورٹاؤن کی فائربریگیڈ آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں ۔آتشزدگی کے اس بڑے واقعہ نے امدادی اداروں کی کارکردگی کی قلعی بھی کھول دی ہے اور آگ بجھانے کیلئے آنے والی چار گاڑیوں میں سے دو گاڑیاں خراب ہوگئی ہیں جبکہ بعض گاڑیوں میں پانی کی کمی کی شکایت بھی سامنے آئی ہے۔
مزیدخبریں