دو ہزارپانچ میں سوڈان کے شمالی اورجنوبی حصے کے درمیان جاری کشیدگی کی خاتمے کے لئے ہونے والے معاہدے کے تحت ہونے والے ریفرنڈم کے حتمی نتائج آگئے ہیں۔ یہ ریفرنڈم پانچ جنوری کو ہوئے تھے اورامکان ہے کہ نئے ملک کے قیام کا اعلان نو جولائی کو کردیا جائے گا۔ نئے ملک کے قیام کے ساتھ ہی اسے عالمی سطح پرتسلیم کئے جانے کا سلسلہ بھی شروع ہوجائے گا جس کے بعد نیا ملک مختلف تنظیموں کا رکن بن سکے گا۔ سوڈان کے شمالی اور جنوبی حصے کے مابین جاری کشیدگی میں گزشتہ دس سال کے دوران کافی تیزی رہی اوراس میں ہزاروں افراد مارے جا چکے ہیں ۔ قابل ذکربات یہ ہے کہ سوڈان کے تیل کے ذخائرجنوبی حصے میں ہیں لیکن انفراسٹرکچرشمالی حصے میں ہے جس کے بعد دونوں حصوں میں تعاون کی امید بھی کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں سوڈان کے صدرعمرالبشیر کا کہنا ہے کہ انہیں نتائج کا اعلان کرتے ہوئے انتہائی خوشی محسوس ہورہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کسی بھی شہری کو شمالی اورجنوبی سوڈان کی دوہری شہریت نہیں دی جائے گی۔