شمالی سوڈان کو اسلامی ریاست بنایا جائیگا‘ عوام کیلئے آزادی کے دروازے کھول دیئے : عمرالبشیر

Feb 07, 2011

سفیر یاؤ جنگ
خرطوم (اے پی پی) سوڈانی صدر عمرالبشیر نے کہا ہے کہ قانون کے دائرے کے اندر رہتے ہوئے عوام کو ہر قسم کی آزادی فراہم کی جائیگی اور شمالی سوڈان کو ایک اسلامی ریاست بنایا جائیگا۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق دارالحکومت خرطوم سے 25کلو میٹر دور ہزاروں افراد کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آئین کے اندر رہتے ہوئے حکومت نے عوام کیلئے آزادی کے دروازے کھول دیئے ہیں اگر کوئی شخص ملک کو عدم استحکام کا شکارکرنے کی کوشش کرے گا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ شمالی سوڈان کے 98فیصد لوگ مسلمان ہیں۔ اسلام ریاست کا سرکاری مذہب ہے ریاست کو شریعت کے مطابق چلایا جائیگا اور یہی وہ بنیاد ہے جس پر ہم ایک نئی ریاست کھڑی کرینگے، حکومت کی جانب سے ایندھن اور چینی کی قیمتوں میں اضافہ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان مصنوعات پر ہم بعض بلاوسطہ سبسڈیاں واپس لے رہے ہیں جس سے ان کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ، تاہم حکومت نے ضرورت مند افراد کے لئے برائے راست رعائتیں بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے جس سے ان کی معاشی حالت بہتر ہونے میں مدد ملے گی۔
مزیدخبریں