لاہور (شعیب الدین سے) پنجاب حکومت نے اقبال ٹاﺅن کے سابق ٹی ایم او چودھری عارف اور ٹی او فنانس ملک اشعب کو ”قبل از وقت“ ریٹائرڈ کر دیا۔ چودھری عارف کی ریٹائرمنٹ 9فروری کو ہونا تھی انہیں 48گھنٹے قبل از وقت ریٹائر کیا گیا۔ جبکہ ملک اشعب کی مدت ملازمت صرف 7سال ہے اور انہیں قانوناً قبل ازوقت ریٹائر نہیں کیا جا سکتا۔ حیران کن طور پر دونوں افسران کو جس ”جرم“ میں ملازمت سے نکالا گیا اس کی نشاندہی بھی ٹی او فنانس نے خود ہی کی تھی۔ ملک اشعب نے اقبال ٹاﺅن میں بطور ٹی او فنانس سراغ لگایا تھا کہ رجسٹری فیس کی مد میں ٹاﺅن کا حصہ وصول نہیں کیا جا رہا اور 34رجسٹریوں میں 11لاکھ روپے کی رقم وصول نہیں کی گئی جس کا ذمہ دار سب رجسٹرار علامہ اقبال ٹاﺅن اور ان کا عملہ تھا۔ ملک اشعب نے کیس بنا کر سیکرٹری بلدیات کو بھجوایا اور گیارہ لاکھ میں سے ساڑھے پانچ لاکھ وصول کئے گئے۔ سیکرٹری بلدیہ نے دونوں افسران کو ملازمت سے نکال دیا۔ باخبر ذرائع کے مطابق سابق سیکرٹری بلدیات نے اس معاملہ کی ”ذاتی سماعت“ کے لئے 13فروری کی تاریخ مقرر کی تھی مگر موجودہ سیکرٹری بلدیات کے ایک سینئر ماتحت افسر نے تاریخ کو ایک ہفتہ قبل مقرر کروا کے دونوں افسران کو قبل از وقت ریٹائرڈ کروا دیا۔